رواں سال ریلوے کی آمدنی کا ہدف 40 ارب روپے رکھا گیا ہے ؛خواجہ سعد رفیق

Published on December 24, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 558)      No Comments


لاہور (یو این پی) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رواں سال ریلوے کی آمدنی کا ہدف 40 ارب روپے رکھا گیا ہے ۔ گزشتہ تین برس میں ریلوے کی آمدنی 18 ارب روپے سے بڑھ کر 36 ارب روپے ہو چکی ہے ۔ ماضی میں ریلوے کو نظر انداز کیا گیا ۔ریلوے پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے کوشش کروں گا جانے سے قبل ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں قابل قدر اضافہ کروا کر جاؤں ۔ ریلوے میں کوئی کنٹریکٹ سیاسی بنیادوں پر نہیں دیاجاتا ۔ ڈیفالٹر کو ہم چھوڑتے نہیں اور دو نمبر کنٹریکٹر ریلوے میں گھس نہیں سکتا ۔ ریلوے غیر سیاسی ادارہ ہے ۔ شیخ رشید نے ریلوے کے ساتھ جو کرنا تھا کر گئے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں حقائق خود بولتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار خواجہ سعد رفیق نے لاہور ریلوے سٹیشن پر بجلی کی پیداوار کے لیے کوئلے کی ترسیل کو تیز ترین بنانے کے لیے مال بردار گاڑی ہوپر ویگن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ گاڑی 29 بوگیوں پر مشتمل ہے اور اس کی تیاری میں 500 ریلوے کارکنوں نے حصہ لیا ۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کوئلے کی ترسیل سے سالانہ چھ ارب روپے کا فائدہ ہو گا ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے گزشتہ سال 36 ارب روپے کمائے ہیں جب ہمیں محکمہ دیا گیا تھا تو پہلے سال محکمہ نے 18 ارب روپے کمائے تھے تین سال میں ہماری آمدنی دوگنی ہو گئی ہے اور اس سال ہمارا ہدف 40 ارب روپے کمانے کا ہے ۔ حکومت نے ہمیں 36 ارب روپے کا ٹارگٹ دیا ہے ۔ تاہم ریلوے نے 40 ارب کا ہدف رکھا ہے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے کے محکمہ کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا جتنا اس پر بات کریں گے لوگوں کی اس میں دلچسپی بڑھے گی ۔ صحافیوں سے درخواست ہے کہ وہ کوئی سیاسی سوال نہ کریں بلکہ ریلوے کے حوالہ سے سوال کریں ۔ ان کا کہنا تھاکہ شیخ رشید نے ریلوے کے ساتھ جو کرنا تھا کر گئے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں حقائق خود بولتے ہیں ان کا کہنا تھاکہ ریلوے میں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں میں کبھی بھی نہیں کہتا کہ سو فیصد چیزیں ٹھیک ہیں بہت کچھ ٹھیک ہونے والا ہے ان کا کہنا تھاکہ ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے وعدے کو پورا نہیں کر سکے اس کے پیچھے ہم لگے ہوئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے ۔ ریلوے پولیس کی کارکردگی پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہے میں کوشش کر رہا ہوں کہ جانے سے قبل ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں قابل قدر اضافہ کروا کے جاؤں ۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے سگنلنگ نظام کے لیے 40 ارب روپے درکار ہیں جبکہ ریلوے کا پورا پی ایس ڈی پی بجٹ 41 ارب روپے ہے ہم نے اس کا پی سی ون منظور کروا لیا تھا تاہم پیسے خرچ نہیں کئے میں کل ( پیر کو ) چین جا رہا ہوں اور کوشش کریں گے ایم ایل ون کے فریم ورک پر معاہدہ کی کوشش کریں گے اگر سی پیک کے تحت پیسے آنے ہیں تو پھر ہم حکومت پاکستان کے پیسے خرچ نہیں کریں گے اس لیے ہم نے منصوبہ شروع نہیں کیا ۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں نے اخبار میں خبر پڑھی ہے جو ٹرین پر کنکر مارے گا اسے پکڑیں اور قانون کے کٹہرے میں لائیں گے یہ بہت شدید قانون شکنی ہے کہ لوگوں کی جانوں سے کھیلیں بعض اوقات ہمارے ٹرین ڈرائیوروں اور اسٹاف کو زخمی کیا جاتا ہے اور مسافر زخمی ہوتے ہیں یہ کوئی کھیل تماشا نہیں جو اسے کھیل تماشا سمجھتے ہیں ان کی طبیعت درست کریں گے ۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے میں کوئی کنٹریکٹ سیاسی بنیادوں پر نہیں دیا جاتا اگر ہم نے سیاسی بنیادوں پر کنٹریکٹ دیا ہوتا تو میڈیا نے اب تک ہماری کھال اتار دینی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بزنس ٹرین والوں کے ساتھ جو ہوا میڈیا اس کا گواہ ہے جس طرح رائل پام کلب لیا اور ان کے خلاف ہم عدالتوں میں کھڑے ہیں وہ بھی میڈیا کو پتہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیفالٹر کو ہم چھوڑتے نہیں اور دو نمبر کنٹریکٹر ریلوے میں گھس نہیں سکتا شالیمار ایکسپریس کے حوالہ سے ہم نے اخبار میں اشتہار دیا ہے اور بہت سی بین الاقوامی شہرت کی مایہ ناز کمپنیاں آ رہی ہیں ۔ ریلوے غیر سیاسی ادارہ ہے اس میں کوئی اقرباء پروری نہیں اگر کہیں ایسا ہے تو مجھے بتایا جائے میں جواب دینے کا پابند ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی ضرورت کے مطابق ریلوے میں مستقل اور کنٹریکٹ پر بھرتیاں کریں گے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy