جاتی امراءکی بادشاہت ختم کرنے کیلئے نکل رہا ہوں بلاول بھٹو

Published on December 27, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 358)      No Comments

bilawal

گڑھی خدا بخش (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 4 مطالبات کی منظوری کیلئے سیاسی لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اپنے مطالبات منوانے کیلئے پورے پاکستان کا دورہ کروں گا اور ہر صوبے اور شہر میں جاﺅںگا۔ عوام تیار ہو جائیں کیونکہ غاصبوں کا قبضہ اور جاتی امراءکی بادشاہت ختم کرنے کیلئے نکل رہا ہوں۔ پاکستان میں کسی سے پوچھیں کہ وزیراعظم کون ہے تو کہا جاتا ہے ”پانامہ شریف“ ۔ میاں نواز شریف کے تو سکینڈل ہی سکینڈل ہیں اور ان کے ذاتی مفاد کے باعث پاکستان کے مفادات خطرے میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گڑھی خدابخش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس دنیا میں روز لاکھوں لوگ پیدا ہوتے ہیں اور لاکھوں لوگ جاتے ہیں مگر کچھ لوگ صرف پیدا ہوتے ہیں اور مرا نہیں کرتے، ان کی سوچ، ان کی فکر ، ان کی بہادری، کارنامے اور جرات زندہ رہتی ہے اس لئے ہم کہتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ناصرف تاریخ میں زندہ ہیں بلکہ لوگوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں ، وہ مر کر بھی امر ہو گئے ہیں اور کچھ لوگ زندہ رہ کر بھی مردہ لاشوں کی طرح ہوتے ہیں ۔ ہم اپنے شہیدوں کے دن انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مناتے ہیں اور ان سے عہد کرنے کیلئے مناتے ہیں کہ ہم ان کی سوچ فکر اور ویژن پر عمل کریں گے، لیکن کچھ لوگ ہمیں ماضی پرست کہتے ہیں۔ میں آج آپ سے سوال کرتا ہوں کیا پاکستان پیپلز پارٹی جن مسائل کے حل کیلئے بنائی گئی تھی کیا وہ حل ہو گئے ہیں؟ کیا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جن مقصد کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے تھے، کیا وہ حاصل کر لئے گئے ہیں ؟ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی آج کے عہد ، آج کی سیاست، آج کی معیشت اور مسائل کے حل سے اتنی ہی مطابقت رکھتے ہیں جتنی اس وقت رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق نے جب ذوالفقار علی بھٹو کو گرفتار کیا تو ان کی 24 سالہ بیٹی بینظیر بھٹو شہید نے اپنے باپ، اپنے ملک، جمہویت اور لوگوں کی آس و امید کو بچانے نکلی، ان کو سکھر جیل میں سخت گرمی میں قید تنہائی میں رکھا گیا، کہ ایک نہتی سی لڑکی، ایک نہتی سی لڑکی گر جائے گی، ٹوٹ جائے گی، ڈر جائے گی، مگر وہ لڑتی رہی، لڑتی رہی اور ثابت کر دیا کہ ”ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے“ یوں تو انسانی تاریخ بہادر خواتین کی داستانوں سے بھری پڑی ہے مگر جس کے باپ کو پھانسی دیدی جائے، جس کے بھائیوں کو قتل کر دیا جائے، جس کی ماں کو لاٹھیاں مار مار کر زخمی کر دیا جائے، جس کے خاوند کو گیارہ سال جیل میں رکھا جائے، ان کے ساتھیوں اور جانثاروں کوپھانسی دیدی جائے، سینکڑوں جیالوں کو کوڑے مارے جائیں، ہزاروں کارکنوں کو جیل میں رکھا جائے، وہ ہر ظلم کے سامنے پہاڑ کی طرح ڈٹی رہی ہو اور اس نے ہار نہ مانی ہو، اپنے ملک کے مظلوموں کا ساتھ نہ چھوڑا ہو، اپنے لوگوں کی امید نہ چھوڑی ہو، وہ صرف اور صرف اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو ہی ہو سکتی ہیں ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题