پیپلز پارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام لگانے والے بددیانتی کر رہے ہیں؛ سیّد خورشید احمد شاہ

Published on December 27, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 398)      No Comments

11
نوڈیرو/گڑھی خدا بخش (یوا ین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا 30، 40 ہزار لوگوں کے ساتھ کنٹینر کھڑے کرکے کروڑوں ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کو گھر بھجوانا تھا، پیپلز پارٹی ایسی کسی سرگرمی کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھی، پیپلز پارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام لگانے والے بددیانتی کر رہے ہیں، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ملا کر گرینڈ الائنس بنائیں گے۔ منگل کو ’یوا ین پی‘ کو انٹرویو میں خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ کروڑوں لوگوں کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کو تیس چالیس ہزار لوگوں کو جمع کرکے راستوں کو کنٹینروں سے بند کرکے گھر بھجوانے کی بات کرے، عمران خان نے سولو فلائٹ کی متعدد کوششیں کیں جن کا سب سے زیادہ نقصان انہی کی جماعت کو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے جسد خاکی ہی نہیں بلکہ اس ملک کی تقدیر، غریبوں اور پسے ہوئے طبقات کی ترقی کی سوچ بھی موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے سزائیں نہ دینا کوئی پہلا واقعہ نہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی تو عوام سے دور کرنے کیلئے پھانسی دی گئی مگر بھٹو کا فلسفہ آج بھی زندہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگوں کو احساس ہو چکا ہے کہ سولو فلائٹ سے مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کا ایجنڈا اے آر ڈی کی طرح بہت زیادہ طویل نہیں ہو گا، پارلیمنٹ کو قوت فراہم کرنا، خارجہ پالیسی کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا اور ملکی سلامتی کیلئے قومی سلامتی کونسل کو فعال بنانا اس کا ایجنڈا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ ہم نے پہلے بھی کیا تھا، کیا پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی بات کرنا غلط ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سیّد خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری یا پیپلز پارٹی خوفزدہ نہیں ہونگے، جیلیں، لاٹھیاں اور کوڑے ہمارے لئے نئی بات نہیں ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسہ کے بعد سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes