ایل او سی پر بھارت کو موثر جواب دیا جائے: جنرل باجوہ

Published on February 22, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 269)      No Comments

2
اسلام آباد(یواین پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شبعہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) ماٹیوالا پر منور سیکٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ نے آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ‘سرحد پر کسی بھی قسم کی بھارتی اشتعال انگیزی اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے’۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ ‘پاک فوج کے جوان اپنی پیشہ وارانہ اہلیت، ترغیب اور مادر وطن کے دفاع کے لیے بے غرض وفاداری کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں اور یہی پاک آرمی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں’۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں سازش کے تحت کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب بھارتی اشتعال انگیزی کا مقصد کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے تو دوسری جانب یہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہماری کارروائیوں کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر ایل او سی کے اطراف عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ ‘ہم بھارتی سازشوں اور بھارت کی پاکستان اور خطے میں دہشت گردی کی حمایت سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا’۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو ہر طرح کی بھارتی اشتعال انگیزی سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا فرض نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے جو حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں’۔ قبل ازیں ایل او سی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy