ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے،ممنون حسین

Published on March 14, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 343)      No Comments

Mamnun
اسلام آباد(یوا ین پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات سے بچتے ہو ئے اپنے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں یمن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عبدالمالک عبدالجلیل المخلافی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستانی وزارتِ خارجہ کے قائمقام سیکریٹری محمد وحید الحسن کے علاوہ یمن کے سفیر محمد موطاہر الشعبی کے علاوہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے یوا ین پی سے کہا کہ جنگ سے یمن کو بہت نقصان پہنچا ہے انھوں نے توقع ظاہر کی کہ صورتِ حال میں جلد بہتری پیدا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یمن کی ترقی اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ یمن میں جلد امن قائم ہو تاکہ وہاں کے لوگ جنگی کیفیت سے نکل سکیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان یمن کے صدر ع منصور ہادی کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور منصور ہادی کو یمن کا جائز حکمران سمجھتا ہے اور انھیں پاکستان کی حمایت حاصل رہے گی اور خطے میں امن اور ترقی کیلیے پاکستان یمن کی قانونی حکومت کاساتھ دیتا رہے گا۔اس موقع پرصدر مملکت نے جنگ کے دوران پاکستانیوں کی واپسی کے لیے یمنی حکومت کی کاوشوں کو سرا ہا۔انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یمن کی حکومت پاکستانیوں بحفاظت واپسی کے لیے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے یمن جنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے اور یہ امداد یمنی حکومت کی خواہش کے مطابق جلد فراہم کردی جائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یمن کے لوگ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔انھیں ذاتی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی کے لیے اکھٹے آگے بڑھنا ہو گا تاکہ یمن ترقی کر سکے۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات، اعتماد اور تعاون دوطرفہ تعلقات کی بنیاد ہے اور اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy