لندن حملہ: ہلاک ہونے والے چوتھے شخص کی شناخت ظاہر

Published on March 25, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 435)      No Comments


لندن(یواین پی)برطانوی پارلیمان کے باہر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے چوتھے شخص کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔ اس 75 سالہ شخص کا نام لیزلی روڈز تھا اور جنوبی لندن کے علاقے سٹریتھم کے باسی تھے اور وہ دو روز قبل لندن میں ویسٹ منسٹر پل پر کار کی زد میں آ گئے تھے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں کہ ویسٹ مڈلینڈز اور نارتھ ویسٹ میں دو ‘اہم گرفتاریاں’ کی گئی ہیں۔ اس حملے میں 50 افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں سے دو کی حالت اب تک نازک ہے۔ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر مارک راؤلی نے کہا کہ 31 افراد کا ہسپتال میں علاج کیا گیا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دو زخمی پولیس افسر ہپستال میں ہیں جنھیں خاصی سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ 52 سالہ حملہ آور خالد مسعود نے مختلف نام استعمال کیے اور پولیس کے پاس ان کا ریکارڈ موجود تھا۔ راؤلی نے بتایا کہ ان کا پیدائشی نام ایڈریئن رسل اجاؤ تھا۔ انھوں نے کہا: ‘جو کوئی بھی خالد مسعود کو اچھی طرح جانتا ہے، اور اسے پتہ ہے کہ اس کے ساتھی کون تھے تو وہ برائے مہربانی ہمیں ان جگہوں کے بارے میں بتائے جہاں خالد مسعود حالیہ دنوں میں گئے تھے۔’ خالد مسعود کینٹ کے شہر ڈارٹ فورڈ میں پیدا ہوئے تھے اور پولیس کے پاس ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود تھا، جن میں ہتھیاروں کی برآمدگی اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کے جرائم شامل ہیں۔ وہ ویسٹ مڈلینڈ میں رہتے تھے اور اس سے قبل وہ ویسٹ سسیکس اور ایسٹ سسیکس میں رہ چکے تھے۔ اب تک اس واقعے کے سلسلے میں دس افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ پولیس نے نو افراد سے پوچھ گچھ کی ہے۔ جمعرات کو لندن اور برمنگھم میں تین خواتین اور پانچ مردوں کو دہشت گرد حملوں کی تیاری کے الزام میں حراست میں لیا گیا، تاہم راؤلی نے کہا کہ ان میں سے ایک شخص کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ پانچ پتوں پر تلاشیاں جاری ہیں اور 16 چھاپے مارے جا چکے ہیں، پولیس نے اب تک 2700 اشیا قبضے میں لی ہیں جن میں ‘بڑی مقدار میں کمپیوٹر ڈیٹا’ شامل ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme