وزیر اعلیٰ پنجاب سے امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب کی ملاقات

Published on April 10, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 287)      No Comments

لاہور(یو این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب اور ان کے وفد کے اراکین سے عربی زبان میں گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان اور لاہور آمد پر امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور کہا کہ آپ کی پاکستان آمد باعث خیر و برکت ہے۔ میں آپ اور آپ کے وفد کے اراکین کو پاکستان کے تاریخی ،ثقافتی شہر لاہورآمد پر مبارکباد دیتا ہوں اورخوش آمدید کہتا ہوں ۔پاکستان اور سعودی عرب میں تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں جو اسلامی بھائی چارے اور اخوت کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مفادات مشترکہ ہیں اور یہ مفادات امن کے فروغ کے عکاس ہیں اور امن ہی ہمارا مشترکہ اثاثہ ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے حکمرانوں کو نیک اور صالح حکمران سمجھتے ہیں اور سعودی عرب کے حکمران مسلمانوں کے مقدس اور متبرک مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری نیک نیتی سے نبھا رہے ہیں۔ امام کعبہ کی پاکستان کی سر زمین پر مبارک آمد کے باعث پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام میں مزید قربتیں آئیں گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کی خوشیوں اور غم میں برابر کے شریک رہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب پاکستان میں اپنے دوسرے گھر آئے ہیں اور ہم آپ کی اس محبت پر آپ کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار ہیں اور ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہی خاندان نے پاکستان کی ہمیشہ بھر پور مدد کی ہے اور سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ سفارتی معاملات میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کی بھر پور حمایت کی ہے۔ امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب نے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو محبت اور خلوص مجھے ملا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ پاکستان کے عوام نے میرا والہانہ استقبال کیا ہے۔ لاہور ایک تاریخی اور ثقافتی شہر ہے لیکن جب میں ائیرپورٹ سے ماڈل ٹاؤن آ رہا تھا تو میں نے دیکھا کہ اس تاریخی شہر کو بڑی خوبصورتی اور منصوبہ بندی کے ساتھ حسین بنایا گیا ہے اور یہ تاریخی شہر ایک ترقی یافتہ شہر کا روپ دھار چکا ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو جاتا ہے جبکہ اسلام آباد کا شہر مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ بنایا گیا ہے لیکن پرانے شہر کو اس طرح خوبصورت بنانا یقیناً آپ کا کارنامہ ہے اور یہ ایک محنت طلب کام ہے۔ امام کعبہ نے پاکستان اور لاہور میں ملنے والی محبت اور خلوص پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے اور محبت کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے حکمران ایک دوسرے کے ساتھ خلوص اور باہمی احترام کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے تاریخی تعلقات کو امت اسلامیہ بخوبی جانتی ہے۔ جب بھی کسی پر مشکل آئی تو دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا مکمل ساتھ دیا ہے اور مشکلات میں معاملات کو حل کیا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے سے وفا کرنے والے ملک ہیں اور آج کٹھن دور میں چیلنجز درپیش ہیں تو ہم پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں پاکستان کے عوام اور حکمرانوں کی طرف دیکھتے ہیں کیونکہ سعودی عرب کے حکمران اور عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کے حکمران اور عوام وفادار، پرخلوص اور ایماندار ہیں۔ پاکستان اورسعودی عرب کی اسی بے مثال دوستی پر دشمن نظریں جمائے بیٹھے ہیں لیکن ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ پاکستان اور سعودی عرب سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ملک ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا مضبوط ہونا پوری امت مسلمہ کا مضبوط ہونا ہے۔ اتحاد، اتفاق اور اجتماعی کیفیت سے ہم نے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ دین اسلام امن کا دین ہے، دین اسلام وسعت والا دین ہے۔ سعودی عرب کی حکومت اور عوام پاکستان کی حکومت اور عوام سے گہری محبت رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ شریف خاندان پر اپنی برکتیں اور رحمتیں نازل کریں۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پاکستان کے ساتھ وفا کرنے والے حکمران ہیں اور یہ پاکستان کے عوام کی دل کے ساتھ خدمت کر رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ کون انہیں فائدہ پہنچاتا ہے اور کس نے انہیں نقصان پہنچایا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپ کا اچھا عمل کبھی ضائع نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہمارے بھائی ہیں، ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے کہ وہ پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اوقاف سید زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اوقاف، چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ، مولانا غلام محمد سیالوی، مہتمم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، نائب مہتمم جامعہ اشرافیہ، مولانا صاحبزادہ فضل رحیم، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، صدر وفاق المدارس سینیٹر مولانا ساجد میر، ناظم اعلی مرکزی اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالکریم اور کوآرڈنیٹر اتحاد بین المسلمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد اور دیگر علمائے کرام کے علاوہ امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب کے وفد کے اراکین اور سینیٹر طلحہ محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy