میاں صاحب کو پاناما اور ڈان لیکس بچا سکتی ہیں، لوڈشیڈنگ نہیں: خورشید شاہ

Published on May 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 349)      No Comments


لاہور(یو این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا لوڈشیڈنگ کیخلاف پیپلز پارٹی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کی ذمہ داری نواز شریف پر عائد ہوتی ہے۔ نواز شریف نے اقتدار میں آ کر ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ سستی روٹی، تعلیم اور ملک کی دولت بھی چھین لی۔ میاں صاحب کو پاناما اور ڈان لیکس بچا سکتی ہے لیکن لوڈشیڈنگ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اقتدار میں آئے 4 سال ہو گئے لیکن عوام ابھی تک لوڈشیڈنگ کا عذاب سہہ رہے ہیں۔ آج ملک بھر میں چودہ چودہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ عوام کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے جان چھوٹنی چاہیے۔خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1994ء میں پیپلز پارٹی نے 24 ہزار میگاواٹ کے معاہدے کئے لیکن نواز شریف نے وہ سب ختم کر کے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کسی بھول میں نہ رہیں، لوڈشیڈنگ ڈان یا پاناما لیکس نہیں جو بچا دے، بجلی نہ ملی تو حکمرانوں کے اقتدار کا سورج ڈوب جائے گا۔وزیر اعظم سے جندال کے ساتھ ملاقات پر قوم کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھارت کے ان لوگوں سے بات کرتے ہیں جو کشمیریوں کو شہید کرتے ہیں۔ اگر وزیر اعظم کو دولت چاہیے تو قوم ایک ایک روپیہ اکٹھا کر کے دے گی لیکن دشمن سے دوستی قبول نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک کو بچانے کیلئے نام نہاد جمہوریت اور کسان دشمنوں کو ہٹانا ہوگا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا حکومت پر ضرور اثر پڑے گا۔ ہمارے احتجاج کے باعث آج لاہور میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ پیپلز پارٹی کا دھرنا دیکھ کر آج لاہور میں لوڈشیڈنگ بند کر دی گئی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题