متاثرین اطمینان رکھیں حکومت ان کے اعتماد اور مفادات کی ہر قیمت پر نگہبانی کرے گی ؛فاروق حیدر خان

Published on May 10, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 365)      No Comments

مظفرآباد(یو این پی)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ منگلاڈیم ،نیلم جہلم پراجیکٹ ،کوہالہ جہلم پراجیکٹ اہلیان کشمیر کے ملک پاکستان کی محبت کا منہ بولتا اظہار ہیں ۔نہ گولی چلی نہ لاٹھی نہ مظاہرے ہوئے نہ ہی کوئی مخالفت ریاست کے لوگوں نے پاکستان کو روشن رکھنے کے لئے اپنے ماحول ،آباؤ اجداد کی قبروں تک کی قربانی دی ،کوہالہ جہلم پراجیکٹ متاثرین اطمینان رکھیں حکومت ان کے اعتماد اور مفادات کی ہر قیمت پر نگہبانی کرے گی وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے متاثرین کے مسائل حل کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔واپڈاسے متعلق حل طلب معاملات پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے ۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی موجودگی میں کشمیریوں کو پریشانی کی ضرورت نہیں جو متاثرین ہیں انہیں پہلے سے زیادہ بہتر اور خوشحال زندگی گزارنے کے لیئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبر اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی ،پرنسپل سیکرٹری احسان خالدکیانی ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ محمود الحسن راجہ ،سیکرٹری جنگلات ظہور الحسن گیلانی ،سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہلا وقار ،کمشنر مظفرآباد تہذیب النساء ،ڈپٹی کمشنرز صاحبان مظفرآباد ہٹیاں بالا ،ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کے علاوہ راجہ محمد ممتاز خان ،میجر ریٹائرڈ محمد رفیق اعوان ،راجہ فرید ایڈووکیٹ ،فرید خان راجہ ،تسلیم عباسی ،شجاعت گیلانی ایڈووکیٹ شریک تھے ،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ متاثرین کو اپنے مسائل اور مطالبات کے حل کے لیئے در بدر نہ ہونا پڑے فوری طور پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوکے دفتر ،کمشنر آفس ،ڈی سی آفس میں متاثرین کی سہولت کے لیئے خصوصی سیل بنائے جائیں ۔مظفرآباد میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیئے دونوں دریاؤں پر جھیل تعمیر کرنے کے لیئے فوری طور پر فیزیبلٹی رپورٹس تیار کی جائیں ۔متاثرین کی اراضی اور ثمردار اور غیر ثمردار درختوں کی قیمتیں تاز ہ ترین ریٹس کے مطابق لگائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ذمہ داران اور متاثرین کے ذمہ داران کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو متاثرین براہ راست کمپنی سے بات کرنے کے بجائے حکومتی ذمہ داران سے بات چیت کریں متاثرین کے لیئے ری سیٹلمنٹ پلان تیار کر کے اس پر عملدرآمد کیا جائے نیلم جہلم پراجیکٹ کے تجربات اور مشاہدات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سے بہتر منصوبہ بندی کی جائے اجلاس میں محکمہ مال اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے وزیراعظم کو کمپنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے ہدایات دیں کہ متاثرین کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے اور بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔حکومتی ذمہ داران اس امر کو یقینی بنائیں کہ متاثرین کو چھ چھ جگہوں پر چکر نہ لگانے پڑیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ ملکی مفاد میں ہے اور جن لوگوں نے اس کے لیئے قربانیاں دی ہیں یا دیں گے ان کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی ٹیم اس بات کو یقینی بنائے کہ روزگار اور دیگر مواقعوں میں مقامی افراد کو ترجیح بنیادوں پر اہمیت دی جائے ۔پاکستان میں اس وقت میاں محمد نواز شریف کی حکومت ہے جو کہ آزادکشمیر کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے واپڈا سے متعلقہ حل طلب امور کو جلد از جلد یکسو کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes