پاڑا چنار: اکبر خان مارکیٹ میں 2 دھماکے، 35 افراد جاں بحق، 70سے زائد زخمی

Published on June 24, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 650)      No Comments


پاڑاچنار(یواین پی) کرم ایجنسی کے صدر مقام پاڑا چنار میں ایک مصروف بازار میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی جس میں اب تک پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق کم از کم 35 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پانے اور زخمیوں کو ریسکیو کرنے کا کام شروع کیا تاہم بے رحم آگ نے بجھنے سے قبل 16 دکانیں تباہ کر دیں۔ افطار کا وقت قریب ہونے کے باعث لوگ خریداری کیلئے بازار میں بڑی تعداد میں موجود تھے جبکہ متعدد لوگ عید کی خریداری میں بھی مصروف تھے جس کے باعث متعدد لوگ زندگیوں کی بازی ہار گئے۔ واقعے کے بعد پاڑا چنار میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پاڑا چنار اور اردگرد کے شہروں کے تمام ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔دوسری جانب، ایجنسی ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے تمام زخمیوں کا پاڑا چنار میں علاج ممکن نہیں تھا۔ پاڑا چنار پاک افغان سرحد پر واقع علاقہ ہے اور یہ پاکستان کے دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے جس جگہ دھماکہ ہوا وہاں بازار بھی ہے اور قریب ہی بس اڈا بھی ہے۔ پہلے دھماکے کے بعد جب لوگ امدادی کارروائیوں کیلئے وہاں جمع ہونا شروع ہوئے تو تقریباً 15 منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہو گیا جو پہلے کی نسبت زیادہ بڑا دھماکہ تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج فوج کے دو ہیلی کاپٹرز پشاور سے پاڑا چنار پہنچے جن کے ذریعے 15 شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا۔پاڑا چنار پر پاک افغان سرحد کو تین روز قبل طویل عرصے بعد کھولا گیا تھا جس کے فوراً بعد پھر شہر کا امن تباہ ہو گیا ہے۔وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پاڑا چنار دھماکوں کی شدید مذمت کی اور جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题