امن دشمنوں کا پاکستان کے ’’دل ‘‘ پر وار لاہور، کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں خودکش حملہ،8پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد جاں بحق،35 زخمی

Published on July 24, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 790)      No Comments


لاہور(یو این پی) لاہورمیں فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران مبینہ خودکش حملے میں آٹھ پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد جاں بحق اور35سے زائد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بھی متعددپولیس اہلکارشامل ،کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ،صدرممون حسین،وزیراعظم نوازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اورآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی دہشت گردی کے واقعہ کی شدیدمذمت،متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کااظہار،وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔یو ا ین پی کے مطابق پیرکو فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب سبزی منڈی میں مبینہ طورپر موٹرسائیکل سوارخودکش حملہ آور نے اس وقت پولیس پیکٹ کونشانہ بنایا جب وہاں پولیس اور مقامی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مصرو ف تھیں۔ ڈی سی او لاہورسمیراحمدنے حملے میں 22ہلاکتوں اور32افرادکے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم نجی ٹی وی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد25ہے جبکہ 35سے زائدافراد زخمی ہوئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں آٹھ پولیس اہلکاربھی شامل ہیں جن میں ایک سب انسپکٹر،ایک اے ایس آئی اورچھ کانسٹیبلز ہیں اسی طرح زخمیوں میں بھی بیشترپولیس اہلکارہیں۔حملے میں قریب کھڑی متعددگاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کو آگ لگ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کے مطابق حملہ آورکاہدف پولیس اہلکار تھے ۔واقعہ کے فوری بعد سیکورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اورفیروز پور روڈ کو سیل کر دیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنسک ماہرین بھی پہنچ گئے اسی دوران امدادی سرگرمیاں بھی شرو ع کردی گئیں اورزخمیوں اورلاشوں کو ایل ایج جی ہسپتال، سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال اور اتفاق ہسپتال منتقل کیاجبکہ شہرکے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔ دھماکا ہوتے ہی علاقے میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ، قریبی کئی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتا بھی دکھائی دیا پولیس شہریوں کو مسلسل دھماکے کے مقام سے دور رہنے کی ہدایت کرتی رہی ۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ارفع کریم ٹاور کے قریب پرانی عمارتوں کو مسمار کرنے کا آپریشن جاری تھا واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ کہ شہر میں پہلے ہی ہائی الرٹ تھا تاہم دھماکے کے بعد سیکیورٹی مزید بڑھا دیا گئی ۔ واضح رہے کہ جس جگہ یہ دھماکہ ہوا وہ مصروف علاقہ ہے اور وزیر اعلی ہاؤس کے قریب ہے۔ دوسری جانب صدرممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ،آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ اوردیگرنے اپنے الگ الگ بیانات میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو دھماکے کی جگہ پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ نجی ٹی وی نے دعویٰ کیاکہ حملے میں استعمال کی گئی موٹرسائیکل کے مالک کا سراغ لگالیا گیا ۔ موٹرسائیکل کا ماڈل 2017 کا ہے جو لاہور کے رہائشی عثمان کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا تھا جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔اس سے قبل رواں برس فروری میں بھی لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے خودکش دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر)احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog