ملک بھر میں عیدالاضحی (آج) مذہبی جوش و خروش دینی جذبہ کے تحت منائی جارہی ہے

Published on September 2, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 379)      No Comments


وفاقی دارالحکومت میں نماز عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا
ملک بھر کے تمام شہروں میں کروڑوں فرزندان اسلام انتہائی عقیدت سے سنت ابراھیمؑ ادا کریں گے
جس میں حکومتی شخصیات سمیت ہزا روں افراد عیدالاضحیٰ پڑھیں گے
جبکہ اس موقع پر دنیا بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے
شہر بھر میں پیشہ ور قصائیوں کو ایڈوانس رقم دے کر پہلے ہی بک کر لیا گیا، اناڑیوں سے کھال پر فی کٹ سو روپے وصول کرنے کا فیصلہ
شہر بھر میں عید کے سینکڑوں اجتماعات کیلئے سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل
اسلام آباد /لاہور(یو این پی)ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج ہفتہ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں نماز عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا ، جس میں حکومتی شخصیات سمیت ہزا روں افراد عیدالاضحیٰ پڑھیں گے جبکہ اس موقع پر دنیا بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔یوا ین پی کے مطابق ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج ہفتہ کو مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ سے منائی جائے گی ۔ اسلام آباد میں نماز عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جس میں حکومتی شخصیات سمیت ہزاروں افراد عیدالاضحیٰ ادا کریں گے۔ جبکہ راولپنڈی میں سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوگا ۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے ، اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت ملک بھر میں جانوروں کی منڈیاں مقررہ علاقہ جات میں قائم کی گئیں ہیں جس میں قربانی کے جانوروں کو خریدنے کیلئے جوق در جوق بھرپور طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں تاہم اسلام آباد کی مویشی منڈی میں لوگ جانور خریدنے میں بھرپور طریقہ سے نہ صرف خود حصہ لے رہے ہیں بلکہ بچوں کی شرکت بھی کسی سے کم نہیں جو اپنے والدین عزیز و اقارب کے ہمراہ قربانی کے جانور خریدنے میں بھرپور طریقہ سے دلچسپی لے رہے ہیں ۔ملک بھر کے تمام شہروں قصبوں اور دیہات میں مساجد ،عید گاہوں اور کھلے مقامات پرعید کے اجتماعات ہوں گے ۔ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی(آج)ہفتہ کے روز نماز عید الاضحی کے سینکڑوں چھوٹے و بڑے اجتماعات منعقد ہونگے جس کے بعد لاکھوں فرزندان توحید سنت ابراھیمیؑ کی ادائیگی کیلئے لاکھوں چھوٹے و بڑے جانور اللہ کی راہ میں قربان کرینگے۔عید قرباں کو مذہبی و دینی جوش و خروش اور جذبے سے منانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔شہر بھر میں عید الاضحی کی نماز کے زیادہ تر اجتماعات صبح چھ بجے سے ہی شروع ہو جائینگے جو ساڑھے سات سے آٹھ بجے تک منعقد ہو نگے جس میں لاکھوں فرزندان اسلام اللہ کے حضور سر بسجود ہونگے جس کے فوری بعد شہر بھر میں جانوروں کی قربانی کا عمل شروع ہو جائیگا جس کیلئے قصائیوں کی بکنگ پہلے ہی کی جا چکی ہے تا ہم اناڑی قصائیوں نے بھی عید قرباں کیلئے اپنی چھریاں اور ٹوکے تیز کر لئے ہیں۔شہر میں اس وقت پیشہ ور قصائیوں کو ایڈوانس رقم دے کر پہلے ہی بک کر لیا گیا ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر خانہ بدوشوں اور دیگر شہروں سے آئے بھکاریوں نے زیادہ سے زیادہ گوشت اکٹھا کرنے کیلئے شہر کے مختلف حصوں میں اپنے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔جمعہ کے روز بھی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے مویشی منڈیوں کا رخ کیا جن کا یہ ماننا تھا کہ آخری روز جانوروں کی قیمتیں کم ہو جاتی ہیں کیونکہ بیوپاری باقی بچ جانے والے جانور واپس اپنے علاقوں میں نہیں لے کر جاتے اس لئے آخری رات منڈیوں میں عوام کا غیر معمولی رش رہا جبکہ ضلعی حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں کیلئے سات مقامات قائم کرنے کے باوجود شہر کی اکثر و بیشتر سڑکوں‘شاہراؤں اور چوراہوں پر گاہکوں کی تلاش میں بیوپاری اپنے جانور لے کر گھومتے رہے اور یوں جانوروں کی خریداری کا سلسلہ زور و شور سے جاری رہا۔محکمہ لائیو سٹاک نے شہریوں کو اناڑی قصائیوں سے بچنے کیلئے مفید مشورے دیئے ہیں ،محکمہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جانوروں کی کھال اتارنے والے قصائی اگر ’’کٹ ‘‘لگاتے ہیں تو ان سے طے کئے جانیوالے معاوضے سے فی ’’کٹ‘‘100روپے کاٹ لئے جائیں جبکہ جانوروں کی کھالوں کو دھوپ‘نمی اور بارش سے بچاؤ کے علاوہ زیادہ دیر یعنی چار گھنٹوں سے زائد نہ پڑا رہنے دیا جائے اور ایسی صورت میں کھال کے اندرونی حصے پر اچھی طرح نمک کا چھڑکاؤ کیا جائے تا کہ کھال محفوظ رہے۔محکمہ بلدیات اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر بھر میں الائشوں اور جانوروں کی باقیات کو اکٹھا کرنے اور ایسے تمام مقامات کی فوری صفائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو گاڑیوں پر جانوروں کی الائشوں کو فوری ٹھکانے لگائیں گی تا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھا جا سکے نیز قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے شہر بھر میں عید کے اجتماعات کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔شہر بھر میں منعقدہونیوالے عید الاضحی کے تمام مراکز‘عید گاہوں‘مساجد پر واک تھرو گیٹس نصب کرنے کے علاوہ اجتماعات کی مانیٹرنگ بھی کی جائیگی اور سیکورٹی پر خصوصی نظر رکھی جائیگی ۔ علاوہ ازیں مذہبی و دینی اور شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی معتبر شخصیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے گوشت پر سب سے پہلے مستحقین‘غرباء‘اور مساکین کا حق ہوتا ہے لہذا اپنی قربانی کی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ایسے افراد کا خاص خیال رکھا جائے اور ان میں گوشت کی تقسیم کو اولین ترجیح سمجھا جائے،نیز قربانی کے گوشت کو کھاتے وقت صبر و تحمل اور احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ایک مرتبہ زیادہ کھانے کی بجائے وقفے کے ساتھ گوشت کھایا جائے تا کہ بسیار خوری کی وجہ سے صحت کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور جانوروں کی کھالیں ان فلاحی اداروں کو دی جائیں جو حقیقت میں انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت پیش پیش رہتے ہیں اور غیر متعلقہ اداروں یا افراد کو کھالیں نہ دی جائیں جن سے حاصل ہونیوالی رقم خدانخواستہ تخریب کاری کیلئے استعمال ہونے کا غماز ہو۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes