خیبر ایجنسی،راجگال میں سرحد پار فائرنگ سے پاک فوج کا افسر شہید،جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک ،کئی زخمی

Published on September 23, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 344)      No Comments

لنڈی کوتل/راولپنڈی (یوا ین پی) خیبر ایجنسی کئے علاقے راجگال میں سرحد پر سے چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے،وہ نئی قائم چیک پوسٹ پر کمانڈنگ آفیسر تعینات تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق خیبرایجنسی میں راجگال کے علاقے میں قائم چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے ہیں۔پاک فوج کے مطابق شہید آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی جب کہ راجگال میں جس پوسٹ پر فائرنگ کی گئی اسے حال ہی میں قائم کیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ارسلان عالم اگلے مورچوں پرفرائض سرانجام دے رہے تھے کہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ارسلان عالم کی عمر 22 سال اور تین بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ہفتہ کو ہونے والے اس حملے کے بارے میں سرکاری طور پر تو مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں لیکن مقامی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی کارروائی سے تین مشتبہ عسکریت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔جہاں یہ حملہ ہوا وہاں ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے آزاد ذرائع سے معلومات کی تصدیق تقریبا ناممکن ہے۔ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ ارسلا ن عالم کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کی گئی جسے بعد میں آبائی علاقے کو روانہ کر دیا گیا ہے ۔صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اہم سیاسی شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔واضح رہے کہ پاک فوج نے حال ہی میں خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر فور مکمل کیا تھا۔ وادی راجگال میں کیے جانے والے فوجی آپریشن کے نتیجے میں اس علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک اور ان کی سرحد پار سے نقل و حرکت کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدام کرنے کا بتایا تھا۔ رواں برس 15 جون کو پاک فوج نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفساد کے تحت وادی راجگال میں آپریشن خیبر فور کا آغاز کیا گیا تھا، جس کا مقصد سرحد پار داعش کو پاکستان میں کارروائی سے روکنا تھا۔بعد ازاں 21 اگست کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے آپریشن خیبر فور کے اختتام کا اعلان کیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران 52 دہشت گرد ہلاک جبکہ 31 دہشت گرد زخمی ہوئے تھے جبکہ چار دہشت گردوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے۔راجگال کے علاقے میں ہونے والے اس آپریشن میں پاک فوج کے 2 سپاہی شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے تھے۔فوج کے مطابق یہاں کی دشوار گزار گھاٹیوں کو عسکریت پسندوں سرحد کے آر پار آمدورفت کے لیے استعمال کرتے تھے۔فوج کے ترجمان یہ کہہ چکے ہیں کہ سکیورٹی فورسز نے سرحد کے ساتھ اپنے علاقے میں شدت پسندوں کا صفایا کر دیا ہے لیکن پاکستانی فوج افغان سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتی اور ان کے خلاف افغان فورسز اور افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کو ہی اقدامات کرنا ہوں گے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes