اورنج لائن کیلئے10بوگیوں پر مشتمل مزید دو ٹرین سیٹ لاہور پہنچ گئے ،خواجہ احمد حسان

Published on November 16, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 404)      No Comments

چین سے بحری جہاز کے ذریعے دو اور ٹرین سیٹ پاکستان روانہ کر د یئے گئے ہیں جو اگلے ماہ کے وسط تک لاہور پہنچیں گے
لاہور(یو این پی)وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اورنج لائن کیلئے10بوگیوں پر مشتمل مزید دو (2) ٹرین سیٹ گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے ہیں ‘ اس طرح ابھی تک کل تین ٹرین سیٹ لاہو رپہنچ گئے ہیں۔چین سے بحری جہاز کے ذریعے دو اور ٹرین سیٹ پاکستان روانہ کر د یئے گئے ہیں جو اگلے ماہ کے وسط تک لاہور پہنچیں گے۔ ا سکے علاوہ چار ٹرین سیٹ مینو فیکچرکر کے شنگھائی پورٹ پہنچا دیئے گئے ہیں جنہیں جلد ہی بحری جہاز میں لوڈ کر کے پاکستان بھیج دیا جائے گا۔ منصوبے کے لئے کل 27ٹرین سیٹ درآمد کئے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کے لئے دستیاب تمام مقامات پر تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے‘ باقی جگہوں پر حکم امتناعی کے باعث کام نہیں کیا جاسکتا۔ڈپو اور پیکیج ون پر پٹری بچھانے کا ایک چوتھائی کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔اس حصے کے 13میں سے 12سٹیشنوں پر80فیصد سے زیادہ کام کیا جا چکا ہے۔وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 77.2فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 87.2فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا60.3فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 82.1فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 80فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ ا سکے علاوہ مجموعی طور پرمنصوبے کا 29فیصد الیکٹریکل و مکینکل کام بھی کر لیا گیاہے۔ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹوکے تعمیراتی کام کی رفتار میں بہتری آئی ہے۔ اس کے لئے 806 میں سے588 یو ٹب گرڈرز تیار جبکہ453 یو ٹب گرڈرزنصب کر دیئے گئے ہیں۔ یہاں 92 فیصدٹرانزمز کی لانچنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ چوبرجی سے علی ٹاؤن سڑکوں کی بحالی کا 60 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔ رنگ روڈ پر میٹرو ٹرین کے راستے کے لئے پل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ پیراشوٹ کالونی کے قریب ریلوے لائنوں کے اوپر 185میٹر طویل پل کی تعمیر کا 95فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔پل کی تعمیر ماہ رواں کے آخر تک مکمل ہوگی۔خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ ایشین انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے اورنج لائن پیکیج ون پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا ہے اور کام کے معیار کو ہر لحاظ سے قابل اور اس منصوبے کو پاک چین دوستی کا شاہکار قرار دیا ہے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ 55کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے پر ہارٹی کلچر کاکام جلد شروع کیاجا رہا ہے۔ اجلاس میں ایم پی اے چودھری شہباز ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور حسیب خواجہ ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme