بھارت کے سامنے ہر گز نہیں جھکیں گے

Published on January 20, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 278)      No Comments

سرینگر(یو این پی) مقبوضہ کشمیرمیں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے آزادی پسند رہنماؤں کے خلاف بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی کارروائی کو کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کا ایک ہتھکنڈہ قرار دیا ہے۔ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سرینگر کے علاقے نگین میں میر واعظ عمر فاروق کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ سید علی گیلانی نے جو مسلسل گھر میں نظر بند ہیں پریس کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ وہ بھارت کے سامنے ہار نہیں مانیں گے چاہے کچھ بھی ہو۔ انہوں نے حریت رہنماؤں کے خلاف چارج شیٹ کو بے بنیاد، جھوٹ اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہاڑ جیل میں قید افراد کو درحقیقت اغوا کر لیا گیا ہے ۔ حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جد و جہد آزادی کشمیر ان کے لئے ’محبت اور عبادت‘ ہے، اور وہ کسی بھی صورت میں سرنڈر نہیں کریں گے، چاہیے بھارت ان پر کتنا ہی دباؤ کیوں نہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ دانستہ طور پر ایسی کوشش کی جا رہی ہے کہ کشمیر کی جد و جہد کو دہشت گردی کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راوت کی دھمکیاں ہمیں مرعوب نہیں کرسکتیں، حقیقت یہ ہے کہ ہماری جد و جہد ہر سطح پر جاری رہے گی، ہماری تحریک پر امن ہے اور اسے دہشت گردی کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری صرف اپنا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت چاہتے ہیں جس سے انہیں کوئی دست بردار نہیں کر سکتا۔ فوجی سربراہ نے خود یہ بات تسلیم کی ہے کہ کشمیریوں کی منشاء اور خواہش کچھ اور ہے لیکن بھارت کشمیری عوام کی خواہشات کو فوجی طاقت سے ختم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حریت قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جد و جہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ جنرل راوت کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو جائز قرار دینے کے لئے کر رہے ہیں اور اگر وہ چاہتے ہیں بھارتی فوج ہمیں قتل کرے تو ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کو روندا جا رہا ہے اور لوگوں کو عبادت کی اجازت نہیں ہے بلکہ سیمیناروں کے انعقاد پر پابندی عائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نارملسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز شہر سرینگر کے بڑے علاقوں میں کرفیو لگا کر لوگوں کو قید کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ اور دیگر ہتھکنڈے کشمیریوں کو اکسانے کے لئے آزمائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک انصاف پر مبنی ہے اور تنازعہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں کی ابتر حالت پر جلد حریت قیادت ایک رپوٹ جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ حریت رہنماؤں الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ ، ایاز محمد اکبر، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار اور معرا ج الدین کلوال کے خلاف جد و جہد آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کرنے پر گزشتہ سال مئی میں درج کئے گئے جھوٹے مقدمے میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے ۔ 12ہزار 794 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ لوگ بھارت کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes