مجھے کیوں نکالا‘‘ تو سنتے رہے ہیں، اب ’’مجھے کیوں بلایا‘‘ بھی سننے پڑے گا ،حافظ حسین احمد

Published on January 23, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 297)      No Comments

جیکب آباد( یوا ین پی) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے شہبازشریف کی نیب میں پیشی پرطنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ تو سنتے رہے ہیں، اب ’’مجھے کیوں بلایا‘‘ بھی سننے پڑے گا ، لاڈلے کسی انکوائری یا عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں، سندھ میں پولیس کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے،راؤ انوار سندھ کے گلو بٹ ہیں جن کے ذریعے مخالفین کی گردن ناپی جاتی ہے۔ جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے گلو بٹ کی طرح سندھ کے گلو بٹ راؤ انوار کا احتساب نہیں ہوسکے گا طلبی کے باوجود وہ حاضری سے انکاری ہے۔شہبازشریف کی نیب میں پیشی پر انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک آواز’’مجھے کیوں نکالا‘‘ تو پاکستان میں سنتے رہے ہیں اب ایک اور آواز ’’مجھے کیوں بلایا‘‘ بھی اس میں شامل ہوگئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل پر عدالت بھی کچھ نہیں کرپارہی ہے، سندھ میں پولیس کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے خواجہ اظہار الحسن کے حوالے سے معطل ہونے والے راؤ انوار بحال ہوئے اور خواجہ اظہار الحسن بھی بری الزمہ قرار پائے ان میں سے کوئی ایک تو قصوروار ٹھرتا شاید اس لیے عدالت کے ذریعے آئی جی پولیس کی تقریری ممکن ہوئی ہے لیکن لگتا یہ ہے کہ مستقبل میں ایس ایس پی اور ایس پی رینک کی تقریری بھی عدالت کرے گی تاکہ اس طرح کے گھپلے روکے جاسکے ، انہوں نے کہا کہ راؤ انوار جس کے چہیتے ہیں ان کا چہیتا بھی اسے انصاف دلانے کی بات کررہا ہے ، بلاول زرداری نے اس سوال پرجو جواب دیا ہے وہ حیران کن ہے کہ مظلوم نقیب اللہ کوبھی انصاف چاہئے اور قاتل راؤانوار کو بھی انصاف چاہئے ، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس بھی عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے میدان میں نکلیں ہیں اور نواز شریف بھی تحریک عدل کے ذریعے انصاف چاہتے ہیں عوام پریشان ہے کون کس سے انصاف مانگ رہا ہے ،ماڈل ٹاؤن سانحہ کے 14شہدا کے لواحقین بھی انصاف چاہتے ہیں اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور قانون کے وزیر رانا ثناء اللہ بھی قانون اور انصاف کی بات کررہے ہیں اس کا مطلب ہے کہ جس کی لاٹھی اس کے لیے انصاف ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes