زینب قتل کیس ، ڈاکٹر شاہد مسعود سمیت تمام صحافتی تنظیموں کو نوٹسز جاری

Published on January 27, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 229)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس ڈاکٹر شاہد مسعود سمیت تمام صحافتی تنظیموں کو نوٹسز جاری کردیے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایک مقدمے کی سماعت کے دوران اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کا بھی تذکرہ ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کل (اتوار کو) لاہور میں زینب کیس سن رہا ہوں، ہم سب کو نوٹس دیں گے جو بڑے ہیں وہ کل لاہور آجائیں کیونکہ میڈیا کی مدد سے سچ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے تمام صحافتی تنظیموں کو نوٹسز جاری کردیے۔طلب کیے جانیوالوں میں حمید ہارون ، میرشکیل الرحمان، رمیزہ نظامی ، فہد حسین ، آئی اے رحمان ، مجیب الرحمان شامی ، کامران خان ، کاشف عباسی، حامد میر، میاں عامر محمود، سرمد علی اور ضیا شاہد شامل ہیں۔
یادرہے کہ ڈاکٹرشاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم عمران علی کے درجنوں بینک اکاؤنٹس ہیں جن سے غیرملکی کرنسی کی بھی جمع یا نکلوائی جاتی ہے، اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی ملوث ہیں جبکہ عالمی سطح پر بچوں کی فحش فلمیں بنانے والے گروہ کا حصہ ہیں لیکن متعلقہ اداروں نے ملزم کے کسی بھی بینک اکاؤنٹ کی تردید کردی اور یہ بھی اطلاعات تھیں کہ ملزم کبھی پاکستان سے باہر نہیں گیا کیونکہ اس کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے اور نہ ہی آج تک اس نے پاسپورٹ کیلئے کوئی درخواست جمع کرائی ۔ ڈاکٹرشاہد مسعود کے دعوے اور چیف جسٹس سے تحقیقات کرانے کی اپیل کے بعد سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا لیکن اب تک کی تحقیقات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرشاہد مسعود کا دعویٰ غلط نکلا جبکہ وہ حکومت پنجاب کی طرف سے تحقیقات کے لیے بنائی جانیوالی جے آئی ٹی میں بھی بلائے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ۔ ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کے سنگین دعووں اور ممکنہ طورپر غلط معلومات عوام تک پہنچانے کی وجہ سے صحافتی تنظیموں کا موقف جاننے کیلئے چیف جسٹس نے طلب کیا ہے اور یہ بھی امکان ہے کہ معروف صحافیوں کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes