دھوکہ مت کھائیں، مسلم لیگ (ن) آئے گی اور ہر پاکستان کی دہلیز پر انصاف پہنچائے گی نواز شریف

Published on February 4, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 353)      No Comments

پشاور (یواین پی) سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ آج پشاور کی عوام نے بتا دیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ نامنظور ہے۔ ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں، عمران خان جائے گا اور مسلم لیگ (ن) آئے گی جو عوام کے مسائل حل کرے گی۔ 2018ءمیں مسلم لیگ (ن) کو اتنے ووٹ دیں، اتنے ووٹ دیں کہ اسمبلی اور پارلیمینٹ میں ایسے قانون آ جائیں جو نواز شریف کے خلاف یہ فیصلہ آپ کی طاقت سے ختم ہو جائے۔
لاڈلے نے خیبرپختونخواہ اور پشاور کی عوام کو کیا دیا ہے؟ حکومت ان کی ہے اور ترقیاتی کام نواز شریف کر رہا ہے۔ کہاں ہیں وہ ڈیم اور بجلی جو پورے ملک کو دینی تھی؟ دن رات جھوٹ بولنے اور الزام تراشیاں کرنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے لیکن آج وہ صادق و امین بن گئے ہیں، ان لوگوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے صادق و امین بنایا۔
پشاور میں جلسے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ”آج پشاور نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور یہ بتا دیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ نامنظور ہے۔ نواز شریف کے خلاف فیصلہ نامنظور ہے۔ لاڈلے! دیکھ لو، پاکستان کے عوام نے آج پشاور میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آج پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا میں پشاور نے نام پیدا کر دیا ہے۔ انشاءاللہ وقت بدلے گا اور بدل رہا ہے، آپ کو معلوم ہے کہ نواز شریف آپ کی ترقی کیلئے اور نوجوانوں کی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہا تھا، نواز شریف نے دن رات ایک کر کے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، عمران خان! تم نے کیا کیا؟
تم نے خیبرپختونخواہ اور پشاور کی عوام کیلئے کیا کیا؟ کہاں ہے تمہارے وہ 350 ڈیم، کہاں ہیں تمہارے بجلی کے دعوے کہ تم ناصرف خیبرپختونخواہ میں بجلی کی قلت پوری کرو گے بلکہ پاکستان کو بھی بجلی دو گے، تم نے ایک میگاواٹ بھی بنایا؟ آج پشاور کھدا ہوا ہے، میٹرو بس بن رہی ہے لیکن گزشتہ چار سال تم کہاں تھے؟ یہ میٹرو بس چار سالوں میں مکمل کیوں نہیں کی؟ آج تم جا رہے ہوں اور اب میٹرو بس بنا رہے ہوں، کیوں لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہو؟ کیوں پشاور کے لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہو۔ یہ عمران خان ہے کوئی نواز شریف نہیں جو وعدہ کرے تو پورا کرے۔
انشاءاللہ یہ جا رہا ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) آ رہی ہے جو آپ کے سارے مسئلے حل کرے گی۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ لوڈشیڈنگ ختم کریں گے، آج ختم کر کے دکھا دی ہے، ہم نے وعدہ کیا تھا دہشت گردی ختم کریں گے اور ختم کر کے دکھا دی ہے۔ آج جو واقعہ ہوا ہے اس پر ساری قوم کو دکھ ہے، ہم ان فوجی جوانوں کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، یہ قوم کے ہیرو ہیں اور اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ عطاءفرمائے۔
ہم یہاں سی پیک لائے اور اگر نواز شریف کی حکومت نہ ہٹائی جاتی تو نوجوانوں کو باعزت روزگار مل چکا ہوتا، نواز شریف کے خلاف جو انہوں نے فیصلہ سنایا، اس کی وجہ سے ترقی کی رفتار پھر کم پڑ گئی لیکن گھبرانا نہیں، ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں۔ اور آپ بھی مجھ سے وعدہ کریں کہ میرے ساتھ کشتیاں جلا کر میدان میں اترو گے؟ پشاور کے باسیو! امیر مقام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں جس نے دن رات کام کر کے پشاور اور خیبرپختونخواہ کو بدل دیا ہے۔ میں سچ بات کرتا ہوں کہ پشاور میں ایسا منظر، جذبہ اور جوش و خروش آج سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ آج مجھے یقین ہو گیا ہے کہ اب پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ اس ملک میں اب اصلی عدل قائم ہو گا اور غریب، مسکین اور مظلوم کو انصاف ملے گا اور پاکستان میں ایسا کرنا بہت بڑا معرکہ ہو گا۔
پاکستان میں ہر غریب کے پاس رہنے کیلئے اپنی چھت اور اپنا مکان ہونا چاہئے۔ اس کو ممکن بنانے کیلئے نواز شریف کا ساتھ دو گے؟ آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جب نواز شریف کوئی وعدہ کرتا ہے تو اللہ کے فضل و کرم سے اس کو پورا کرتا ہے، آج میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ نے میرا ساتھ دینا ہے، سڑکوں، گلیوں، محلوں، گاﺅں اور میدانوں میں میرا ساتھ دینا ہے۔ آپ نواز شریف کا ساتھ دو گے تو ہم پاکستانی عوام کو انصاف دیں گے، ہر پاکستانی کو گھر دیں گے تاکہ لوگ باعزت زندگی گزار سکیں، ملک میں اب ظلم بند ہو جائے گا اور انشاءاللہ سب کو گھر ملے گا، آپ کے بچوں کے سروں پر چھت ہو گی۔
میرے دوستو! آپ نے یہاں کے حکمرانوں سے ، جو جھوٹ بولنے، الزام تراشی اور بہتان تراشی کا ماہر ہے۔ صبح اور شام جھوٹ بولتا ہے لیکن اب صادق و امین بن گیا ہے۔ کیا صادق و امین ایسے ہوتے ہیں، آپ بھی اس کی کرتوتیں ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں، میں ان لوگوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے اسے صادق و امین بنایا ہے اور اس نے تو اب ہیلی کاپٹر کی چوری کر لی ہے اور پیسے بھی نہیں دئیے، لیکن کہتا ہے کہ میں صادق و امن ہوں۔
دو ارب درخت کہاں ہیں جو اس نے لگانے تھے، درخت تو نظر نہیں آتے لیکن اربوں روپیہ خزانے سے نکال لیا، پتہ لگانا چاہئے کہ آپ نے وہ دو ارب روپیہ کہاں خرچ کیا، حکومت آپ کی ہے اور ترقیاتی کام نواز شریف کر رہا ہے، ہم نے کہا کہ غریبوں کا مفت علاج ہونا چاہئے، ہم انہیں ہیلتھ کارڈ دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ جس ہسپتال میں جائیں وہاں ان کا مفت علاج لیکن یہ نہیں مانے اور کہا کہ ہم نے یہ کام نہیں کرنا، آج وہ کارڈ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں جاری ہو رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے یہاں جاری نہیںہو سکے، ہم تمام غریبوں کو مفت علاج کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے۔
لوگ بیچارے مارے مارے پھرتے ہیں، جائیدادیں بک جاتی ہیں، لیکن اپنے لئے اور اپنے بچوں کیلئے علاج کے پیسے نہیں ہوتے، ہم ہیلتھ کارڈ دیں گے، سب پاکستانیوں کے مفت علاج ہوں گے۔ آپ کی حکومت کو آپکے معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، کہاں ہیں وہ سکول اور یونیورسٹیاں جو آپ نے بنانے کا اعلان کیا تھا، کہاں ہے وہ نیا پاکستان، آپ کو نظر آتا ہے؟ یہاں پر فرانزک لیبارٹری نہیں ہے ورنہ یہ عاصمہ جیسے درندگی بھرے واقعات نہ ہوتے۔ جب کوئی جرم ہوتا ہے تو فرانزک لیبارٹری لاہور میں بھیجنا پڑتا ہے، آپ کے پاس تو لیبارٹری بھی نہیں ہے، آپ نے کیا کرنا ہے۔
پشاور کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ دھوکہ مت کھائیں، مسلم لیگ (ن) آئے گی اور ہر پاکستان کی دہلیز پر انصاف پہنچائے گی اور آپ کے مسائل آپ کے گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے۔
آپ ووٹ دیتے ہیں لیکن چند لوگ اس ووٹ کو اپنے پاﺅں کے نیچے روندتے ہیں، نواز شریف کو آپ نے منتخب کیا تھا، کیا چند لوگوں کو یہ حق ہونا چاہئے کہ وہ نواز شریف کو دفتر سے نکال باہر کر دیں؟ کیا قصور کیا تھا نواز شریف نے، کیا قصور کیا تھا نواز شریف نے، کوئی پیسہ کھایا ہے؟ کوئی رشوت لی ہے؟ کوئی کک بیک یا کمیشن لی ہے؟ تو پھر کیوں نکالا نواز شریف کو۔ نااہل قرار دیدیا صرف اس بات پر کہ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، کیا یہ آپ کے دل کو بات لگتی ہے کہ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس لئے نکلو۔۔۔
آپ کا ووٹ کہاں گیا؟ اس ووٹ کا تقدس اور احترام کہاں ہے؟ پانچ لوگوں نے آپ کے فیصلے کے خلاف فیصلہ دیدیا، کیا یہ فیصلہ آپ کو منظور ہے؟ آپ کو اپنے قانون اور آئین کو تبدیل کرنا ہے یا نہیں کرنا، یہ کھیل پچھلے 65 سالوں سے جاری ہے۔ اور اب تو طلال چوہدری اور دانیال عزیز پر بھی توہین عدالت لگا دی گئی ہے اور اب ان کی باری ہے، ارے بھائی خدا کا خوف کریں، کیا یہ آپ کو منظور ہے؟ یہ عوامی عدالت ہے، خدا سے ڈرو کیونکہ اس کی عدالت کے سامنے بھی جانا ہے ، اسے کیا جواب دو گے؟اب سن رہے ہیں کہ نواز شریف کو ہمیشہ کیلئے نااہل قرار دیدیا جائے، یہ فیصلہ آپ کا میرا تعلق اور رشتہ توڑ نہیں سکتا، 2018ءمیں اتنا ووٹ دو کہ اسمبلی اور پارلیمینٹ کے اندر ایسے قوانین آ جائیں کہ نواز شریف کا یہ فیصلہ آپ کی طاقت سے ختم ہو جائے اور پاکستان ترقی کا ایک نیا دور شروع کرے۔ میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، میں آپ سب کی جنگ لڑ رہا ہوں، اس جنگ میں آپ میرے قدم کیساتھ قدم ملا کر چلیں اور میرے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر چلیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog