ن لیگ نے اداروں کیخلاف بولنے کیلئے سینیٹ ٹکٹ کی پیشکش کی جو ٹھکرا دی ، عائشہ گلا لئی کا الزام

Published on February 17, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 341)      No Comments
اسلام آباد(یوا ین پی) تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ ن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بولنے کے لیے انہیں سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی گئی تھی جو ٹھکرا دی ہے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہنا تھاکہ عمران خان اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہیں، لیکن نوازشریف تو عمران خان سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔گلالئی نے سابق وزیراعظم پر الزام لگاتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف نے پورے ملک کا اسکریپ اکٹھا کرکے فیکٹری بنائی اور دولت سمیٹی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو مانسہرہ جانے کے لئے ہیلی کاپٹر مل جاتا ہے، کیا یہ ہوتی ہے عوامی سیاست؟۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ وقت آنے پر میں ٹکٹ کی پیشکش کرنے والے ن لیگی کا نام بھی بتا دوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے نزدیک اداروں کے خلاف بات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ نوازشریف یہ سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کسی اور کو پکڑے تو کوئی بات نہیں، بس مجھے نہ پکڑے۔فیض آباد دھرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب فوج نے دھرنا ختم کرایا تو انہوں نے فوج کو بدنام کرنا شروع کر دیا۔انھوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف اپنے نظریے سے ہٹ گئی تھی، لودھراں میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا عوامی استحصال کرنے والوں کو عوام مسترد کر دے، ووٹ کیلئے پیسے دینے والے سرمایہ داروں سے عوام پیسہ ضرور لیں کیونکہ یہ انہی کا ہے۔ ان کا کہنا تھا فوج ہی ایک ادارہ ہے جو ملک کیلئے کام کر رہا ہے۔عائشہ گلالئی کے الزامات پر مسلم لیگ(ن) کے ترجمان سینیٹر مشاہداللہ نے کہا ہے کہ جن ہاتھوں میں عمران خان اور طاہرالقادری کھیلتے ہیں، عائشہ گلالئی بھی انہی ہاتھوں میں کھیل رہی ہے، مسلم لیگ(ن) کے پاس سینیٹ ٹکٹ کے لیے قد آور لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ گلالئی پہلے سیاست میں خود کو اس مقام تک لائیں کہ(ن) لیگ انہیں ٹکٹ کی آفر کرے، عائشہ گلالئی نے جو بیانیہ دیا وہ شکست کھا چکا ہے اسلئے انہیں اپنے قد سے زیادہ بات نہیں کرنی چاہیے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ خواتین کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کرنا مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی ہے اور پانامہ فیصلہ آنے کے بعد حکمراں جماعت نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ لگتا ہے مسلم لیگ(ن) نے عائشہ گلالئی سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے اور (ن) لیگ نے بندوق اپنے پاؤں پر چلا دی ہے۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog