سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ اور مکلی پریس کلب کے مشترکہ تعاون سے اداکارپیر بخش صابرو کی دسویں برسی منائی گئی

Published on February 19, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 387)      No Comments

ٹھٹھہ ( رپورٹ:حمیدچنڈ) سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ اور مکلی پریس کلب کے مشترکہ تعاون سے ٹھٹھہ ضلع کے مرحوم فنکار شہید پیر بخش صابرو کی دسویں برسی کے موقع پر فنکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ضلع کے دیگر فنکاروں کو ایوارڈ برائے 2018ء تفویض کئے گئے،اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ کے مرکزی چیئرمین حمید بھٹو نے کہا کہ شہید پیر بخش صابرو بہترین اداکار، صداکار اور انساں دوست تھے، انہیں 2008ء کے عام انتخابات سے ایک روز قبل ٹھٹھہ کے بدمست پولیس اہلکار نے بے گناہ قتل کیا اور مقتول کے ورثاء کو تاحال انصاف کی عدم فراہمی سے متعلقہ اداروں کے منہ پر کالک ہے، انہوں نے کہا کہ فنکار برادری مرحوم صابرو کی شہادت کو آج تک نہیں بھلا سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے فنکاروں، ادیبوں، شاعروں اور صحافیوں کی مدد کرکے کوئی احسان نہیں کر رہے، عوام کے ٹیکس کی رقم سے آٹے میں نمک کے،برابر فنکاروں کی مدد کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت سندھ کے افسران مرحوم فنکاروں کی تعزیت کرتے ہوئے بھی شرم محسوس کرتے ہیں ، شرمیلا فاروقی، رؤف صدیقی و دیگر وزراء نے تو محکمہ ثقافت کو تباہ کردیا جس کی کرپشن کے خلاف نیب و دیگر اداروں کو شکایات کرکے بدعنوان وزراء کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی گئی جس سے دیگر بدعنوان وزراء سمیت بیورو کریٹس نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ہے جبکہ دیگر وزراء سسئی پلیجو، سردار شاہ، شبیر قائم خانی ، سابق سیکریٹری حمید آخوند، گل محمد عمرانی، شمس جعفرانی، رمضان اعوان، اکبر لغاری کی محکمہ کی بہتری کیلئے کی گئی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کی سہولت بہم پہنچانے سمیت کو آپریٹو سوسائٹیزکا قیام ، فنکاروں کی بیواؤں کو وضائف کی فراہمی اور مرحوم فنکاروں کے معصوم بچوں کو بالغ ہونے تک فنڈز مختص کرنے سمیت مکلی میں آڈیٹوریم اور کلچر کمپلیکس تعیر کئے جائیں، ریڈیو پاکستان کراچی کے ایف ایم 101کے ڈپٹی کنٹرولر خلیل چنا نے کہا کہ مکلی کا قبرستان گواہی دے رہا ہے کہ بڑے بڑے فنکاروں نے مکلی میں جنم لیا ہے ، ان میں فنکار پیر بخش صابرو بھی ایک ہیں،نامور اداکارہ نسرین ناز نے کہا کہ پیر بخش صابرو کے نام سے کوئی ہال، سڑک یا آڈیٹوریم منسوب کیا جائے، انہوں نے اعلان کیا کہ پیر بخش صابرو کی فیملی کی مالی مدد کیلئے کوئی شو منعقد کیا جائے جس میں وہ بلا معاوضہ پرفارم کریں گی،پریس کلب مکلی کے صدر اورپروگرام کے چیف آرگنائزر سید گل محمد شاہ نے کہا کہ پریس کلب اور سندھ فنکارٹرسٹ کے تعاون سے فنکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہر ماہ ایک پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا، انہوں نے پیر بخش صابرو کی بیٹی کو ایک مکلی میں پلاٹ دینے کا اعلان کیا۔ سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ کے مرکزی کو آرڈینٹر اور پروگرام کے چیف آرگنائیزر جاوید اختر ناز نے کہا کہ پیر بخش صابرو ہر فن مولا آرٹس تھے، ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فنکاروں کو نظر انداز کرنے کے سلسلے کو فوری طور پر بند کیا جائے،مکلی پریس کلب کے نائب صدر اور سینئر اداکار و سندھ فنکار ٹرسٹ ٹھٹہ کے نو منتخب صدر اکبر دلوانی نے کہا کہ ٹھٹھہ اور مکلی میں 200سے زائد فنکار وں کی موجودگی کے باوجود محکمہ ثقافت کی جانب سے منعقدہ مکلی فیسٹول میں مقامی فنکاروں کو نظر انداز کرنے کی مذمت کی جاتی ہے۔ پروگرام کی چیف آرگنائیزر سیدہ تبسم نے کہا کہ سندھ کے تمام فنکاروں کے فن کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مرحوم فنکاروں کو عقیدت کا اظہار پیش کرنے کیلئے تقریبات منعقد کر رہے ہیں حالانکہ یہ کام سرکاری ادارے محکمہ ثقافت کا ہے لیکن اس کے افسران بالا نااہل ثابت ہوئے ہیں،اس موقع پر اداکار اورشاعر خدا ڈنو ٹھارانی، محمد صالح کچھی، موسیٰ قمر، اداکارہ نیہا علی، منیر سنگراہ و دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں مرحوم فنکاروں اداکار پیر بخش صابرو، اللہ ڈنو خاصخیلی، ہارون جاکھرو، عیسیٰ یوسف، عادل ملاح، انور پروانو، شاعر سرویچ سجاولی کے ورثاء کو ایوارڈ دیئے گئے جبکہ فنی خدمات کے عوض شاعر سورج سجاولی، صالح کچھی کو لسنرز ایوارڈ ، شاد رزاق میمن (کیسٹ کمپنی کے مالک) ، صحافی محبوب بروہی، ریڈیو کمپیئرایف ایم 92کے درمحمد بھٹو، اداکار شکیل سائنداد، خڈا ڈنو ٹھارانی، صدر پریس کلب میرپور ساکرو یوسف شاہین، اداکار یعقوب کلہوڑو، اکبر دلوانی، صحافی اعجاز ورایو، اللہ بچایو شیخ،مہرعلی حمائتی ا و دیگر کو سرٹیفکٹ تفویض کئے گئے، تقریب کے اختتام پر محفل سماع بھی پیش کی گئی جس میں کراچی کے نامور فنکار یونس جانی، ذاکر مستانو اور ٹھٹھہ کے فنکار اللہ بچایو شیخ، تان سین خاصخیلی، خدا ڈنو ٹھارانی اور دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ پروگرام آرگنائیزر ز نے مہمانوں کو سندھ کی روایتی تحفہ اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا،تقریب میں سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ ٹھٹھہ ضلع کے صدر اور فنکار اللہ ڈنو خاصخیلی کی وفات پر خالی ہونے والے عہدے پر سینئر اداکار اکبر دلوانی کو ٹھٹھہ ضلع کے صدر اور جنرل سیکریٹری کے عہدے پر اعجاز ورایو کو منتخب کیا گیا،تقریب سے قبل سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ کا وفد حمید بھٹو کی قیادت میں پیر بخش صابرو کی مزار پر پہنچ کر حاضری دی اور پھول نچھاورکئے۔ 

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题