عید الفطر کب ہوگی؟ سعودی عدالت نے ہدایت جاری کردی

Published on June 14, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 627)      No Comments

ریاض: (یواین پی ) سعودی عرب کی عدالتِ عظمیٰ نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ جمعرات کو شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی صورت میں اپنے نزدیک ترین عدالت یا رجسٹرار کو اطلاع دیں۔سعودی عدالت نے رویت ہلال کمیٹیوں میں شمولیت کے خواہاں شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف مقامات میں قائم کمیٹیوں سے اس مقصد کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔ سعودی عرب کی فلکیاتی رصد گاہوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعرات 29 رمضان کی شب سورج غروب ہونے سے 42 منٹ قبل نئے ہلال کی پیدائش ہوگی۔ اس لیے اگر مطلع صاف ہوا تو جمعرات کی شب شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا واضح امکان ہے۔سعودی عرب کے ایک ماہر موسمیات عبدالعزیز الحسینی نے چند روز قبل کہا تھا کہ اس مرتبہ رمضان المبارک انتیس دن کا ہونے کا امکان ہے اور عید الفطر جمعہ 15 جون کو ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ فلکیات کے اس اندازے کا انحصار عید کے چاند کی رویت کے دن موسم کے صاف ہونے پر ہے۔واضح رہے کہ چاند کی رویت کے اعلان کے لیے دو معتبر شہادتیں ہونا ضروری ہیں اور ان کی شہادتوں کے بعد نئے قمری مہینے کے آغاز کا اعلان کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ ہر ملک میں چاند کی رویت وقت کے فرق کی وجہ سے مختلف ہوسکتی ہے اور مختلف ممالک میں مختلف دنوں میں نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہوسکتا ہے۔ اسی لیے دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔ اس مرتبہ اتفاق سے سعودی عرب اور پاکستان سمیت بیشتر اسلامی ممالک میں ایک ہی دن رمضان کا آغاز ہوا تھا۔ اس لیے عید الفطر بھی ایک ہی دن منائے جانے کا امکان ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme