پنجاب کے نو منتخب اراکین اسمبلی (کل )حلف اٹھائینگے

Published on August 14, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 515)      No Comments

لاہور( یواین پی)پنجاب کے نو منتخب اراکین اسمبلی کل 15اگست بروز ( بدھ) کو حلف اٹھائیں گے ،پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سکیورٹی سمیت تمام تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا جس کے تحت کاغذات نامزدگی 15اگست کی سہ پہر تین سے شام پانچ بجے تک اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی 17ویں اسمبلی کا پہلا اجلاس کل بروز ( بدھ ) صبح دس بجے شروع ہوگا جس میں نو منتخب اراکین حلف لیں گے ۔ اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت سپیکر رانا محمد اقبال خان کریں گے ۔ حلف لینے کے بعد اراکین اسمبلی حلف رجسٹرڈ پر دستخط کریں گے۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت کاغذات نامزدگی 15اگست کی سہ پہر تین بجے سے شام 5بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ دونوں عہدوں کیلئے ووٹنگ 16اگست کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کے اندر ہو گی ۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے پہلے اجلاس کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں ۔ اجلاس کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ سپیکر نے پولیس،انتظامیہ اور دیگر اداروں کو سختی سے تاکید کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اجلاس کے موقع پر کسی بھی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے سینئر سیکرٹری رائے ممتاز حسین بابر،سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، محکمہ پولیس، سپیشل برانچ اور ریسکیو 1122 کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق تمام نو منتخب اراکین کو پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اسمبلی سیکرٹریٹ کے بالمقابل واقع نیو ایم پی اے ہاسٹل کے ساتھ ملحقہ پارکنگ میں پارک کریں گے ۔ نو منتخب اراکین اسمبلی کی سہولت اور معلومات کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے داخلی دروازے کے ساتھ ایک استقبالیہ ڈیسک قائم ہوگا جس پر موجود افسران نو منتخب اراکین اسمبلی کی رہنمائی کریں گے ۔ نو منتخب اراکین اسمبلی کو ان کا اسمبلی کارڈ بھی اسی ڈیسک پر موجود سکیورٹی افسر فراہم کریں گے ۔ حلف برداری اجلاس میں تمام نو منتخب ارکان سپیکر کی جانب سے الاٹ کی گئی نشستوں پر تشریف رکھیں گے اور آئین کے تیسرے گوشوارے میں دئیے گئے فارم کے مطابق اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ اس کے بعد وہ حلف کے رجسٹر پر اپنے دستخط ثبت کریں گے ۔ تمام اراکین اسمبلی کو اسمبلی میں منفرد شناخت دینے کیلئے ایک ڈویژن نمبر الات کیا جائے گا جو حلقہ نیابت کا نمبر ہی ہوں گا جبکہ خواتین اور غیر مسلم اقلیتوں کے لئے یہ نمبر W-000اور NM-000کی صورت میں ہوگا ۔ یہ نمبر اسمبلی سیکرٹریٹ سے خط وکتابت جمع کرائے جانے والے نوٹسز اور اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں آپ کی شناخت کیلئے استعمال ہوگا ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے نو منتخب اراکین کو پیشگی آگاہ کیا گیا ہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں مہمانوں کی فی الحال گنجائش نہیں ہے اس لئے تمام نو منتخب اراکین اسمبلی حلف برداری کے اجلاس میں مہمانوں کو ہمراہ نہ لائیں ۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes