ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا دن :نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز پر ڈھیر

Published on November 17, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 561)      No Comments

ابو ظہبی: (یواین پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالیے۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 94 رنز درکار ہیں۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لاٹہم نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 35 رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر بھی 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے نصف سنچری مکمل کی اور 63 رنز بنائے تاہم کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم صرف 153 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث سہیل، محمد عباس اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ابوظہبی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، اسد شفیق,حارث سہیل، بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، یاسر شاہ، بلال آصف، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے۔رواں سال قومی ٹیم کی کارکردگی مثبت رہی، آئرلینڈ کو واحد میچ میں شکست دی، انگلینڈ میں سیریز 1-1 سے برابر کی جب کہ یو اے ای میں آسٹریلیا پر 0-1 سے برتری حاصل کی۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ون ڈے سیریز بارش ہوجانے کے باعث 1-1 سے برابر رہی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题