راولپنڈی(یواین پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے زلمے خلیل زاد اور اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل آسٹن ملر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی صدر کی نائب معاون لیسا کرٹس اور افغان ناظم الامور بھی شریک ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقائی سلامتی، سیکورٹی اور افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی جب کہ امریکی وفد نے افغان امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاکستان افغانستان میں امن کو اہم سمجھتا ہے اور افغانستان میں امن خطے میں امن کے لیے اہم ہے اس لیے پاکستان خطےمیں امن واستحکام کیلیے کوششیں جاری رکھے گا۔