بھارتی فلموں پر پابندی کے بعد پاکستانی سینما میں ریلیز شدہ فلمیں دوبارہ ریلیز

Published on March 8, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 325)      No Comments

لاہور(یواین پی) پاک بھارت کشیدگی کے بعد امپورٹ قوانین کے تحت لائی جانے والی بھارتی فلموں کی نمائش بند ہونے سے ملک بھر کے سینما گھروں کی رونقیں مانند پڑنے لگیں بحرانی صورتحال سے بچنے کیلئے سینما منتظمین ریلیز شدہ فلموں کی دوبارہ نمائش کرنے پر مجبور ہوگئے۔نئی فلموں کی عدم دستیابی اور پرانی فلموں کی نمائش سے اکثر شو فلم بین کی تعدادکم ہونے کی وجہ سے منسوخ بھی ہونے لگے ہیں۔ اس سلسلہ میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ موجودہ صورتحال میں لاہور، کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں جہاں پرانی پاکستانی فلمیں ’’طیفا ان ٹربل‘‘ اور ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ سمیت دیگر کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے وہیں حالات کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں بننے والے جدید سینما گھروں کی تعمیر بھی روکنے پر غور کیا جارہا ہے۔بہت سی سینما چینز جو2019ء اور آئندہ برس تک باقاعدہ کام کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں اب مزید سرمایہ کاری نہ کرنے پرتوجہ دینے لگی ہیں۔ اس کے برعکس سال بھر بھارتی فلموں کو بند کرنے اور پاکستانی فلموں کو نمائش کیلئے زیادہ وقت ملنے کا مطالبہ کرنے والے فلم ساز، فنکار اور ڈائریکٹر اب خاموش ہوچکے ہیں۔ نہ کوئی فلم ریلیز کر رہا ہے اور نہ ہی کوئی اعلان ہو رہا ہے۔ جبکہ سینما مالکان شدید مالی بحران سے دوچار ہونے لگے ہیں۔ اس بحران سے بچنے کیلئے اکثر سینما منتظمین نے پرانی فلموں کی نمائش کی ہے لیکن فلم بینوں کا رسپانس قابل ستائش نہیں ہے۔اس حوالے سے معروف فلم ڈسٹری بیوٹر، سینما اونر اور فلمساز ندیم مانڈوی والہ نے میڈیا کو بتایا کہ اس وقت سینما گھروں کو بچانے کیلئے نئی اور معیاری فلمیں بہت ضروری ہیں لیکن ان کی عدم دستیابی کے باعث ہم لوگ ریلیز شدہ فلموں کی نمائش کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ جہاں تک بات مالی بحران کی ہے تو وہ سب کے سامنے ہے۔ اس بحران پر قابو پانے کیلئے اچھی اور معیاری فلمیں ہی سینما گھروں کو آباد کرسکتی ہیں۔اس صورت حال میں فلم اور سینما کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان فلم کو پروموٹ کرنے اور سینما گھروں کو آباد رکھنے کیلئے یہ ایک سنہرا موقع ہے جس کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ایسے میں پاکستانی فلمیں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو پھر امپورٹ فلموں کیلئے کوئی جگہ نہیں رہتی۔ اس لئے سب کو متحد ہوکر اس وقت کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔
قوم کے شاہینوں کے عزم و ہمت کو اجاگر کرتی فلم ’’شیر دل‘ ‘کا ٹریلر جاری
اسلام آباد(یواین پی) پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی فلم’ شیر دل‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے،جو رواں ماہ 22مارچ کو ریلز کی جائے گی ۔وطن عزیز کی فضاؤں کو دشمن کے ناپاک وجود سے بچانے پر مامور پاک فضائیہ کے شاہینوں کے عزم و حوصلے کو اجاگر کرتی فلم ’شیر دل‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیاہے۔ فلم میں میکال ذوالفقار اور ارمینا خان مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ٹریلر کے اجرا کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں فنکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔2 منٹ 26 سیکنڈز دورانیے کے ٹریلر میں میکال ذوالفقار پاک فضائیہ کے پائلٹ کے کردار میں نظر آرہے ہیں۔ ٹریلر کی ابتدا چند سین دکھانے کے بعد جاندار ڈائیلاگ سے ہوتی ہے جس میں اداکارہ ثمینہ احمد کہتی ہیں کہ ’ یہ وردی میں چلتے پھرتے لوگ عام سے دکھتے ہیں لیکن وقت آنے پر اپنا سب کچھ قربان کرنے پر راضی ہو جاتے ہیں‘۔ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ میکال ذوالفقار پاکستان ایئر فورس میں کمیشن ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور پھر جذبے کے لبریز ہوکر ایئر فورس اکیڈمی جوائن کرتے ہیں۔ ٹریلر میں پائلٹ کی حیثیت سے تربیت کے مراحل بھی دکھائے گئے ہیں۔’شیر دل‘ کا ٹریلر مختلف حصوں پر مشتمل ہے۔ فلم کے ٹریلر میں دلچسپ موڑ اس وقت دیکھنے میں آتا ہے جب متحدہ عرب امارات میں کثیر الملکی مشترکہ مشقوں کا آغاز کیا جاتا ہے جس میں پاکستان ایئر فورس کی طرف سے میکال اور بھارت کی جانب سے ارون ویرانی کا کردار ادا کرنے والے حسن نیازی نمائندگی کرتے ہیں۔ٹریلر میں بھارت کی روایتی جنگی سوچ کو دکھایا گیا ہے جسے ناکام بنانے کیلئے پاکستان ائیر فورس کے شاہین اپنی ماہرانہ صلاحیتوں سے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیتے ہیں۔ معرکے پر جانے سے قبل میکال ذوالفقار ڈائیلاگ کہتے ہیں کہ اگر میں واپس نہ آیا تو میرے والد کو کہہ دینا کہ شہید کبھی مرا نہیں کرتے۔
عدنان سمیع بھارت کے ساتھ اپنی وفاداری ثابت کرنے میں مصروف
ممبئی (یواین پی)گلوکارعدنان سمیع نے اپنی وفاداری ثابت کرنے کیلئے بھارت کے حق میں بیانات دینا شروع کر دئیے۔ پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ میں بھارت کا فرمانبردار شہری ہوں اور میں نے بھارت کا ساتھ نبھانے کی قسم کھائی ہے۔ عدنان سمیع نے بھارتی فضائیہ کی پاکستان کے خلاف ناکام کارروائی کے باوجود بھارت فضائیہ کو شاباش دی اورکہا کہ نریندر مودی قوم کی طاقت آپ کے ساتھ ہے۔
شان بھارتی حملوں پرخاموشی اختیار کرنے والے پاکستانی فنکاروں پر برہم
کراچی(یواین پی) معروف اداکارشان نے پاکستان پر بھارتی حملوں کی کھل کرمذمت نا کرنے اورپاک بھارت کشیدگی پرمتعدد فنکاروں کی جانب سے خاموشی اختیار کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اوربھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اورجنگ کے خطرے کے دوران سیاستدانوں اورعام عوام کے ساتھ پاکستانی فنکاروں نے بھی اپنی رائے کا اظہارکیا جن میں پاکستان کے باصلاحیت اداکار شان پیش پیش رہے۔جہاں علی ظفر، ماہرہ خان، ارمینا خان، فیصل قریشی، ماورا حسین سمیت متعدد اداکاروں نے بھارتی حملوں کی مذمت کی وہیں عاطف اسلم، فواد خان، مومنہ مستحسن، اداکارہ میرا، عدنان صدیقی اور راحت فتح علی خان نے اس حوالے سے بیان دینا تو دورسوشل میڈیا پر بھی اپنی رائے کا اظہار نہیں کیا۔پاکستان پرجنگ کے منڈلاتے سائے میں اداکارفواد خان سوشل میڈیا پر پی ایس ایل اورچپس کی تشہیر کرتے نظر آئے، جب کہ عاطف اسلم نے اس دوران کوئی ٹوئٹ ہی نہیں کیا ان کے اکاؤنٹ پر آخری ٹوئٹ ان کے گانے سے متعلق ہے جس میں بھارتی اداکارہ ان کے ساتھ اداکاری کرتی نظر آرہی ہیں، جب کہ گلوکار راحت فتح علی خان نے بھی بھارتی حملے سے متعلق کوئی ٹوئٹ نہیں کیا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر فعال رہنے والی اداکارہ میرا اورگلوکارہ مومنہ مستحسن بھی بالکل خاموش نظر آئیں۔اداکارشان نے پاک بھارت کشیدگی پر خاموش رہنے والے فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تمام فنکار برادری نے فیاض الحسن چوہان کے ہندو برادری سے متعلق بیان کی مذمت کی ہے، میں بھی اس بات سے متفق ہوں کہ فیاض الحسن چوہان کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیئے تھا، لیکن میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پرحملہ کرنے پر بہت کم فنکار سامنے آئے اور اس حملے کی مذمت کی۔
تھیٹر ایڈوائزر ی کمیٹی کے چیئرمین انس اسلم دولہ نے استعفیٰ دے دیا
لاہور (یواین پی)تھیٹر ایڈوائزر ی کمیٹی کے چیئرمین انس اسلم دولہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔سابق صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کچھ عرصہ قبل تھیٹر کے فروغ کے لئے تھیٹر ایڈوائزری کمیٹی قائم کی تھی ،انس اسلم دولہ کا کہناہے کہ جب فیاض الحسن چوہان ہی وزیر نہیں رہے تومیرااس عہدے پر رہنے کا جواز نہیں بنتا۔
ثانیہ مرزا کے گھردوسری بار شادی کی شہنائیاں بجنے کی تیاری
حیدر آباد دکن(یواین پی) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا دوسری بار شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔نامورفیشن ڈیزائنر اورثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا نے گزشتہ برس مئی میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بھارتی بزنس مین اکبررشید سے طلاق لی تھی اوراب علیحدگی کے ایک سال بعد 25 سالہ انعم مرزا ایک بار پھر شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انعم بھارتی کرکٹر اظہرالدین کے بیٹے اسد کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی۔ انعم اور اسد کچھ عرصہ قبل ہی ایک دوسرے سے ملے تھے بعد ازاں یہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی اور اب دونوں رواں سال کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔تاہم ابھی تک انعم اور اسد کی جانب سے شادی کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی ہے لیکن دونوں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال ہیں اور اسد کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی پوسٹ سے صاف ظاہر ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں۔
فلم ٹچ بٹن کی شوٹنگ کا دوسرا سپیل شروع
لاہور (یواین پی)ہدایتکارقاسم علی مرید کی فلم ’’ٹچ بٹن ‘‘کی شوٹنگ کے دوسرے سپیل کا آغاز ہوگیا۔فلم کی شوٹنگ لاہور کے نواحی علاقوں میں کی جائے گی جس میں اداکارہ سونیاحسین،علی سکندر اور فیروزخان کے علاوہ دیگرفنکار حصہ لیں گے۔بتایاگیاہے کہ سونیاحسین فلم کی شوٹنگ کے لئے دبئی سے پاکستان پہنچ گئی ہیں اور ایک دوروز میں لاہورآئیں گی۔
معروف اداکار محبوب عالم کی 25ویں برسی 18مارچ کو منائی جائیگی
لاہور (یوا ین پی)معروف اداکار محبوب عالم کی 25ویں برسی 18مارچ کو منائی جائیگی وہ 14مارچ 1948 کو پیدا ہوئے۔انہوں نے متعدد ڈرامہ سیریل میں اداکاری کے جوہردکھائے تاہم ڈرامہ سیریل وارث میں چودھری حشمت کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پرپہنچادیا۔ محبوب عالم نے 38فلموں میں اداکاری کی جن میں 12اردو ، 15پنجابی اور 11سندھی زبان میں ریلیزہوئیں۔
فلم ’’عشق جنون‘‘کامیوزک یکم اپریل کو ریلیز کیا جائے گا
لاہور (یواین پی)ہدایتکار نسیم حیدر کی اردو فلم عشق جنون کا میوزک یکم اپریل کو ریلیز کیا جائیگا۔اس حوالے سے مقامی ہوٹل میں تقریب کااہتمام کیاجائے گا جس میں فلم اور میوزک انڈسٹری سے وابستہ افراد کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ گانوں کی موسیقی ایم ارشد نے ترتیب دی ہے جبکہ راحت فتح علی خان ،سائرہ نسیم اور حمیراچنانے اپنی آواز کا جادو جگایاہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes