عابد علی اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی بنائی ہوئی سنچریاں بھی کام نہ آئیں ، گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں6 رنز سے شکست

Published on March 30, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 522)      No Comments

دبئی (یواین پی) ڈیبیو کرنے والے عابد علی اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی بنائی ہوئی سنچریاں بھی کام نہ آئیں ، گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں چوتھے ایک روزہ میچ میں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز ہی بنا پائی۔ ڈیبیو کرنے والے اوپننگ بلے باز عابد علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 112 رنز بنائے۔ وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے تیسرے اور دنیا کے 15 ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ میچ میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی، انہوں نے پہلی سنچری اسی سیریز کے دوسرے میچ میں بنائی تھی۔عابد علی اور محمد رضوان کی سنچری کے علاوہ پاکستان کا کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ باقی بلے بازوں میں حارث سہیل 25رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ اوپنر شان مسعود کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے۔ عمر اکمل اور ڈیبیو کرنے والے سعد علی نے 7، 7 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ عثمان شنواری نے 6 رنز بنائے۔ سرفراز احمد کے متبادل کپتان شعیب ملک کی جگہ چوتھے ون ڈے میچ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے عماد وسیم صرف ایک رن ہی بناسکے۔آسٹریلیا کی جانب کولٹر نیل نے اپنی گیند کے ذریعے پاکستانی بلے بازوں پر تابڑ توڑ حملے کیے اور 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سٹوئنز نے 2، زیمپا، لیون اور رچرڈسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔قبل ازیں پاکستان کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 277 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے سٹائلش بلے باز گلین میکسویل 98 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔ پاکستانی نژاد اوپنر عثمان خواجہ نے 62 اور کپتان ایرون فنچ نے 39 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کے خلاف مڈل آرڈر کینگروز بلے باز کیرے نے 55 رنز بنائے۔پاکستان کے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes