اسلام آباد: (یواین پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایران میں سیلاب کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کیلئے ایران کو مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ ایران کے اندر سیلاب کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔انہوں نے ایرانی حکومت اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں ایران کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک ایران اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔