ہارون آباد (یو این پی) پی ٹی سی ایل اور دیگر موبائل کمپنیوں نے بلا کسی جواز اور پیشگی نوٹس کے ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کی شرحوں میں تقریباً 35فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ جبکہ غیر اعلانیہ خفیہ چارجزاس کے علاوہ ہیں اور مزید ستم ظریفی ملاحظہ ہو کہ ہزاروں صارفین کو دوسرے نیٹ ورک پر دی گئی سہولت بیک جنبش قلم ختم کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں لاتعداد صارفین اپنے کنکشن منقطع کروا دیئے اور یوں لگتا ہے کہ سالانہ مالی بجٹ سے پہلے ہی عوام پر ناروا اضافی بوجھ لاد دیا گیا ہے جب کہ ٹیلی فون اور انٹر نیٹ کی سہولیات میں مراعات کی بجائے عام صارفین کے لئے بھی نامساعد مشکلات کھڑی ہو گئی ہیں۔ عوامی صارفین کونسل کے عہدیداران نے اس امر کا پر زور مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں اور کالجز کے طلباءو طالبات اور عام صارفین کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قانون سازی کر کے طریقہ کار وضع کیا جائے اور سرکاری ادارہ پی ٹی سی ایل اور ملٹی نیشنل موبائل کمپنیوں کو بے لگام ہونے سے بچایا جائے تاکہ کروڑوں صارفین اس سہولت سے بدستور فائدہ اٹھا سکیں۔