ورلڈ کپ: پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

Published on July 6, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 383)      No Comments

 

لارڈز: (یواین پی) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 43 ویں میچ میں پاکستان کے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ شاہین شاہ آفریدی عالمی کپ کی تاریخ میں 6 وکٹیں لینے والے سب سے کم عمر ترین باؤلر بن گئے۔ اس سے قبل پاکستان نے 315 رنز بنائے تھے۔ امام الحق نے 100 سکور کی باری کھیلی۔ بابر اعظم 96 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔ ۔ کم رنز بنانے پر گرین شرٹس کی ٹیم میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے سے باہر ہو گئی، اس طرح نیوزی لینڈ اگلے راؤنڈ میں جانے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی طرف سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے کیا۔ محمد حفیظ نے پہلا اوور کیا جو میڈن رہا۔ سومیا سرکار کا 6 رنز پر سلپ میں موجود حارث سہیل نے آسان کیچ چھوڑ دیا تاہم سومیا بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 22 گیندوں پر 22 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بن گئے۔ پوائنٹ پر فخر زمان نے کیچ تھاما۔ تمیم اقبال پورے ٹورنامنٹ میں قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اس بار بھی 21 گیندوں پر 8 رنز بنا کر شاہین شاہ کی سلو بال پر بولڈ ہو گئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے 19 گیندوں پر 16 سکور بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ لٹن داس 134 کے مجموعی سکور پر 32 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔ شکیب الحسن کی مزاحمت 64 رنز پر دم توڑ گئی۔ انہیں بھی شاہین آفریدی نے پویلین بھیجا۔مصدق حسین 21 بالز پر 16 سکور بنا کر سپنر شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ بابر اعظم نے انکا کیچ تھاما۔ محمد سیف الدین صفر پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر جلد بازی میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ محمد عامر نے شاندار کیچ تھاما۔ اسی اوور میں محمود اللہ 29 کی باری کھیلی کر شاہین شاہ آفریدی کے شاندار یارکر پر بولڈ ہو گئے۔ کپتان مشرفی مرتضیٰ 14 گیندوں پر 15 رنز بنا سکے اور شاداب خان کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔بنگال ٹیم 221 سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ شاہین آفریدی نے 6 شکار کیے۔ شاداب خان نے دو جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹیں لیں۔قومی ٹیم کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا، اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی، پہلی وکٹ 23 کے سکور پر اس وقت گری جب فخر زمان آٹھویں اوور میں سیف الدین کی بال پر مہدی حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔اس دوران بابر اعظم کریز پر آئے تاہم رن ریٹ میں خاطر خواہ اضافے میں ناکام نظر آئے۔ ون ڈاؤن بیٹسمین نے بھی اوپنر کیساتھ مل کر سست بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور آہستہ آہستہ آگے بڑھایا۔ 27 اوورز کی پانچویں گیند پر وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے سپنر مصدق حسین کی گیند پر بابر اعظم کا کیچ چھوڑا تاہم موقع ملنے کے باوجود پاکستانی رنز مشین اپنی ون ڈے کیریئر کی گیارہویں سنچری نہ بنا سکے اور نروس نائٹیز کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے 98 گیندوں پر 96 رنز کی باری کھیلی اور حریف باؤلر محمد سیف الدین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔اوپنر امام الحق نے ون ڈے کیریئر میں اپنی ساتویں سنچری بنائی، انہوں نے 99 گیندوں پر تھری فیگر اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 7 چوکے لگائے، اس شاندار اننگز کا اختتام ہٹ وکٹ پر ہوا جب وہ فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمن کی گیند پر اپنے پاؤں کو روک نہ سکے اور وکٹ کو مار بیٹھے۔ 100 گیندوں پر 100 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔آل راؤنڈر محمد حفیظ 25 گیندوں پر 27 کی اننگز کھیل کر مہدی حسین میراز کا شکار بن گئے، حارث سہیل 6 سکور بنا کر مستفیض الرحمن کو وکٹ دے بیٹھے۔ وہاب ریاض دو رنز بنا سکے، شاداب خان کی اننگز ایک رن تک محدود رہی، ایک مرتبہ پھر آل راؤنڈر عماد وسیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 25 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ کم رنز بنانے پر گرین شرٹس کی ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے سے باہر ہو گئی اس طرح نیوزی لینڈ اگلے راؤنڈ میں جانے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 315 رنز بنائے۔ مستفیض الرحمن نے 5 جبکہ سیف الدین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题