آزاد عدلیہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے چیف جسٹس آف پاکستان

Published on January 12, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 313)      No Comments

حیدرآباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ بار اور بینچ کے باہمی تعاون سے شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں تیزی لائی جاسکتی ہے، ملکی آئین اور قانون کے مطابق بنیادی سہولتوں کا حصول ہر شہری کا آئینی حق ہے۔حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، وسائل کی برابری کی سطح پر فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں آزاد عدلیہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، بار اور بینچ کے تعاون سے انصاف کی فراہمی میں تیزی آرہی ہے، انہوں نے کہا کہ قانون میں ہر شہری کے لئے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے لیکن زیادہ تر لوگ قانونی پہلوﺅں سے ناواقف ہیں جس کا معاشرے پر اثر ہورہا ہےانہوں نے کہا کہ آئین نے ایک طریقہ کار واضح کیا ہوا ہے کہ سب کے حقوق برابر ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی پاکستان کی بنیاد اصولوں پر رکھی، قائد اعظم کی تقاریر میں وہ بنیادی اصول واضح ہیں جس سے ملک میں برابری اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے،
چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ عدلیہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جہاں ضرورت پڑتی ہے انتظامیہ کو بھی ہدایت کرتی ہے کیونکہ ہماری ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو فوری انصاف مہیا ہو اور اُن کی مشکلات کم ہوں، انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کے بعد لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے آئین پاکستان ہے جس کی مدد سے لوگوں کی مشکلات کم کی جاسکتی ہیں، تقریب سے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ نے بھی خطاب کیا، عشائیہ میں سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں کے ججز صاحبان اور وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes