کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، اونچے دام، غریب عوام کو روٹی کے لالے

Published on January 20, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 342)      No Comments

 


لاہور: (یواین پی) کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، ستر روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا، غریب عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے اور قیمت سن کر چودہ طبق بھی روشن ہو گئے۔ آٹے بحران کے بعد نان روٹی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دیدیا۔ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی آٹا نایاب ہے۔ بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت گیارہ سو روپے تک جا پہنچی ہے۔ بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم ذخیرہ کر لی گئی ہے۔ چکیوں پر آٹا 70 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ عام مارکیٹ سے معیاری آٹا بھی نایاب ہو چکا ہے۔ بعض مقامات پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 900 سے 1100 روپے کلو میں دستیاب ہے۔وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ خان نے سب اچھا کی رپورٹ دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہیں بحران ہے تو بتائیں؟ صوبائی حکومت اب تک گراں فروشوں کے خلاف 14 کروڑ کے جرمانے کر چکی ہے۔ادھر ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کا کہنا تھا کہ شہر میں جہاں جہاں آٹا بحران کی شکایات ہیں، وہاں آٹا پہنچا دیا گیا ہے۔ کنٹرول ریٹ پر گندم کی فراہمی کے باوجود چکی پر آٹے کی قیمت 70 روپے سے کم نہ ہوئی تو کارروائی کریں گے۔انتظامیہ نے ماڈل بازاروں میں آٹے کی قیمت 790 روپے کر رکھی ہے جبکہ عام مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 805 روپے میں فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔کراچی کی بات کی جائے تو وہاں آٹے کی قیمت ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ صرف پانچ ماہ میں دس کلو آٹے کی قیمت میں دو سو سے ڈھائی سو روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فائن ہو یا چکی دس کلو آٹے کی قیمت 700 روپے تک پہنچ گئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی قلت کے علاوہ قیمت کے بڑھنے میں بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کا بھی عنصر بھی شامل ہے جس کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔دکانداروں کے مطابق آٹے کی طلب زیادہ ہے مگر سپلائی انتہائی کم ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران سندھ میں گندم کی 100 کلو والی بوریکی قیمت 1300 روپے اضافے سے 5 ہزار 300 روپے تک پہنچ چکی ہے۔سندھ کے وزیر خوراک اسماعیل راہو نے فردوس عاشق اعوان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس پیسوں کی کمی تھی، وفاق نے فنڈز نہیں دیئے، وہ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سارا ملبہ سندھ حکومت پر ڈال رہی ہے۔دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں آٹے کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کی قیمت گیارہ سو بیس روپے تک پہنچ گئی ہے۔ شہر کے یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا بھی غائب ہو گیا ہے۔فلور ملوں کی جانب سے ضرورت کے مطابق آٹا مہیا نہیں کیا جا رہا ہے کیوں کہ سرکاری طور پر گندم فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں آٹے کی ترسیل نہیں ہو پا رہی ہے۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث تندور مالکان نے بھی روٹی کا وزن کم کرنے اور قیمتیں بڑھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت سے رابطے کے بعد آٹے کی ترسیل شروع ہو گئی ہے جس کے بعد قیمتوں میں تو کسی حد تک کمی ہوئی لیکن نانبائیوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی رامبیل کے مطابق پنجاب میں قائم چیک پوسٹوں کے باعث گزشتہ پانچ روز سے آٹے کی سپلائی مکمل طور پر بند تھی تاہم گزشتہ رات آٹے کی سپلائی بحال ہونے سے بحران ختم ہو چکا ہے جبکہ قیمتوں میں بھی کسی حد تک کمی ہوئی ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog