پشاور(یواین پی) وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے رام پورہ بازار پشاور کا اچانک دورہ کیا ،جہاں اُنہوںنے آٹے کی دستیابی اور قیمت کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا اور تاجروں سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، کوئی بحران نہیں۔صوبے میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم حقیقی صورتحال مختلف ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ مصنوعی بحران کو ختم کرنے اور عوام کیلئے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے سلسلے میں پشاو رکی تاجربرادری کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔صوبے میں کنٹرول ریٹ پر آٹا دستیاب ہے اور عوام خوش ہیں ۔صوبے میں آٹے کی کمی ہے اور نہ آئندہ ہو گی۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ 115 گرام روٹی کا سرکاری ریٹ 10 روپے ہے اور اسی ریٹ پر روٹی فروخت ہو رہی ہے تاہم اُنہوںنے واضح کیا کہ سرکاری ریٹ سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے ۔محمود خان نے کہا کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔