غذائیت کی کمی سے جڑے مسائل کے خاتمے کے لیئے حکومت سندھ سنجیدہ ہے؛ڈاکٹر روزینہ فرحت

Published on January 31, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 256)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی)غذائیت کی کمی سے جڑے مسائل کے خاتمے کے لیئے حکومت سندھ ہر ممکن طور پر اقدامات کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ عوامی سطح پر بھی اس اہم مسئلے کے حل کے لیے شعور اور ضروری آگاہی بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ والی نسل مکمل صحتمند اور تندرست ہو اور اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیئر ایکسپرٹ ڈاکٹر روزینہ فرحت مستری نے آج جیمخانہ مکلی میں بـچوں میں غذائی قلت کی معلومات کے متعلق “سندھ میں بہتر غذا بخش پروگرام” کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد عارف کلوڑ، محکمہ صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، اطلاعات، خوراک، فشریز، زراعت، پاپولیشن ویلفیئر، سوشل ویلفیئر کے علاوہ پی پی ایچ آئی، ہینڈز، ایس آر او، پنز، این آر ایس پی اور دیگر غیر سرکاری و نجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ غذائیت کے متعلق ورکشاپ کے ابتدائی سیشن سے سینیئر ایکسپرٹ ڈاکٹر روزینہ فرحت مستری نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام حکومتی اداروں بشمول محکمہ صحت، محکمہ خوراک اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کو بہترین حکمت عملی اپنانے اور عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اورینٹیشن نیوٹریشن کے عنوان سے تعارفی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نا مناسب غذائیت اور اسکے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیماریوں کے سبب ملک کو معاشی طور پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاشی نقصانات سے بچاؤ اور ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیئے ضروری ہے کہ اس مسئلے کے خاتمے یا اس میں بتدریج کمی کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر روزینہ فرحت مستری نے مزید کہا کہ غذائیت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے معیاری غذا کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مارکیٹ سے غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء کا خاتمہ بھی بیحد ضروری ہے ساتھ ہی ساتھ شعور اجاگر کرنے کے لیئے کالجز اور سکولوں میں بھی خصوصی ابلاغی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچے اور خصوصا بچیاں غذائیت کی اہمیت کو جان سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو سطح پر صفائی ستھرائی کی مناسب سہولت کی ضرورت کے بارے میں معاشرتی آگاہی پیدا کریں اور گھریلو صفائی ستھرائی کی مشق اور بالخصوص بیت الخلاء کے استعمال کے بد صابن سے ہاتھ دھونے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے تعاون سے ہی اس اہم چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے اور اس میں ہر فرد اور ادارے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ورکشاپ کے شرکاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ترین چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہر محکمہ اپنی استعداد میں اضافے اوردستیاب وسائل کے ساتھ کام کرنے میں مصروف عمل ہے۔ شرکاء نے بعد ازاں پروگرام کے حوالے سے سوالات بھی کیے اور اس موضوع پر سیر حاصل گفتگو بھی کی گئی، ٹھٹھہ میں محکمہ صحت، محکمہ خوراک اور تعلیم کے زمہ داران نے اپنے اداروں کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ہر سطح پر اس مسئلے کے تدارک کے لیے ضروری اقدامات کیئے جائیں گے، تاکہ آنے والی نوجوان نسل مکمل طور پر صحت مند ہوں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار بخوبی نبھا سکیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes