سعودی حکومت نےاپنےشہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ پر پابندی عائد کردی

Published on March 5, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 190)      No Comments

جدہ(یواین پی ۔۔۔ زکیر احمد بھٹی ) سعودی حکومت نےاپنےشہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت کے فیصلے کے بعد اب سعودی شہری یا ملک میں مقیم غیر ملکی تاہدایت ثانی عمرہ نہیں کرسکتے۔ وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کر کے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کے کام کرنے والی کمیٹی کی سفارش پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ وقتی طور پر سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عمرے پر پابندی کے فیصلے پر وقتا فوقتا نظر ثانی ہوتی رہے گی اور پابندی کے اسباب ختم ہونے پر پابندی بھی اٹھالی جائے گی۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سعودی حکومت نے وبا کی نگرانی کرنے والے عالمی اداروں نیز صحت کے عالمی ادارے کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے ان عمرہ زائرین کو ویزے جاری کرنا بند کردیے تھے جہاں کرونا پھیلا ہوا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ ’ علاوہ ازیں سعودی حکومت نے کرونا کا شکار ہونے والے ممالک سے سیاحتی ویزے بھی معطل کردیے تھے۔وزارت نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے سعودی شہریوں اور خلیجی ریاست کے شہریوں کا جی سی سی ممالک میں شناختی کارڈ سے سفر پر پابندی لگا دی تھی۔وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’اب احتیاطی تدابیر مزید سخت کرتے ہوئے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔وزار ت نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کو کورونا جیسی وبا سے پاک رکھنے کے لیے حکومت کے لیے بہت اہم ہے کہ وقتی طور پر مقدس مقامات کو بھیڑ سے دور رکھا جائے۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے پیر دو مارچ کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔ ایران سے بحرین کے راستے آنے والا سعودی شہری کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا تھا۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نگراں کمیٹی کے مطابق ’نئے کورونا وائرس سے متاثرہ سعودی شہری صحت یاب ہو رہا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا تھا کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی نئے کورونا وائرس سے پریشان نہ ہوں۔ ملک میں وائرس سے بچاﺅ کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں۔سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوا بازی کی جانب سے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر مسافروں کی سلامتی کے لیے احتیاطی تدابیر سخت کی جا چکی ہیں۔محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا تھا کہ سفر سے پہلے تمام مسافروں کا طبی معائنہ ہوتا ہے ۔پرواز کے دوران کام کرنے والے عملے کو دستانے اور ماسک پہنے رکھنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے ۔محکمے نے کہا کہ سفر کے دوران کسی مریض پر شبہ ہوجائے تو اسے کس طرح باقی مسافروں سے دور رکھا جاتا ہے اور اس کی استعمال کی جانے والی جگہ کو طرح وائرس سے پاک کیا جاتا ہے۔ اس کی عملے کو مکمل تربیت دی گئی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy