مدینہ منورہ(یواین پی) سعودی حکومت کا مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ زائرین کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان، مسجد نبویﷺ کا داخلی دروازہ “باب السلام” بھی بند کر دیا گیا، مسجد الحرام کی گراونڈ کو بھی بند کر دیا گیا، نماز کی ادائیگی اور طواف کیلئے بالائی منزلیں کھلی رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کرونا وائرس خدشات کے باعث مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ زائرین کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کا داخلی دروازہ “باب السلام” بند کر دیا گیا ہے۔ مسجد نبوی کاپراناحصہ بشمول روضہ پاک اورجنت البقیع کوبندکردیاگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس خدشات کے باعث حرمین شریفین پریزیڈنسی کی جانب سے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اعلان کیا گیا ہے کہ عارضی پابندی کے دوران خانہ کعبہ اور صحن میں طواف پر پابندی ہوگی۔عارضی پابندی کےدوران صفا،مروہ کےدرمیان سعی بھی معطل رکھنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔ احرام پہنے زائرین کی مسجد الحرام کےصحن میں داخلےپرپابندی ہوگی۔ حرمین شریفین میں اعتکاف، آرام ،غذائی اشیاءلانےپر بھی پابندی ہوگی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ نمازعصر کے بعد مطاف کاپورا حصہ زائرین کے داخلے کیلئے بند کردیا گیا۔ زائرین صحن حرم میں عبادتوں میں مصروف ہیں۔جبکہ حرمین شریفین کےبند حصوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے جاری رہےگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کو روزانہ کی بنیاد پر چند گھنٹوں کیلئے بند کیا جائے گا۔ مسجد الحرام نماز عشاء کے ایک گھنٹے بعد بند کر دی جائے گی جبکہ نماز فجر سے ایک گھنٹہ قبل دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام کے مطاف کو 40 سال کے دوران پہلی مرتبہ طواف کیلئے بند کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس خدشات کے باعث مطاف کعبہ کو سٹیریلائزیشن کے عمل سے گزارا جا رہا ہے۔ اسی باعث مطاف کعبہ 40 سال کے دوران پہلی مرتبہ ویرانی کا منظر پیش کر رہا ہے۔