کورونا وائرس پشاور میں خطرناک، 100 سے زائد افراد زندگی گنوا بیٹھے

Published on May 6, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 306)      No Comments

پشاور: (یواین پی) کورونا وائرس پشاور کے لیے خطرناک ثابت ہونے لگا۔ صوبائی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر ایک سو سے زائد افراد زندگی گنوا بیٹھے۔ صرف ایک ہفتے کے دوران 53 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 40 کے قریب خواتین بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں پشاور کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔ پشاور میں کورونا کیسز کی تعداد دو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ پشاور کے تینوں ہسپتالوں میں 144 افراد جاں ہوئے جبکہ 40 کے قریب خواتین بھی جان کی بازی ہار گئیں۔صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پشاور میں کورونا وائرس سے 53 اموات رپورٹ ہوئیں جن میں سب سے زیادہ یکم مئی کو 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ اگلے روز 9 افراد دم توڑ گئے۔گزشتہ اتوار کے دن 6 افراد کورونا کے باعث چل بسے۔ شہر کے تینوں بڑے ہسپتالوں لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مارچ کے آخری ہفتے سے لے کر 3 مئی تک کورونا وائرس سے 144 افراد جاں بحق ہوئے۔ایل آر ایچ میں کورونا وائرس سے 100 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں 71 کا تعلق پشاور کے مختلف علاقوں سے تھا۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس سے 25 اموات رپورٹ ہوئیں، 20 افراد کا تعلق پشاور سے تھا۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس سے جاں بحق 16 افراد میں 1 کا تعلق پشاور سے تھا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محنت مزدوری کیلئے باہر نکلیں تو حفاظتی اقدامات ممکن نہیں، گھروں سے نکلنا مجبوری ہے۔کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق پشاور کے مختلف علاقوں گلبہار، کاکشال، یکہ توت، ورسک روڈ، چمکنی، رنگ روڈ، ہشتنگری، رشید گڑھی، حاجی کیمپ، کینٹ پشاور سمیت اندورن شہر گنج اور دیگر علاقوں سے ہے۔ صوبہ بھر میں دو سو کے قریب افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题