والد کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا: مریم نواز شریف

Published on May 31, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 194)      No Comments

لاہور(یو این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہناہے کہ سوشل میڈیا پر والد کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو کہ ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔مریم نوازکا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں جب کہ اس تصویر سے سابق وزیراعظم کے چاہنے والے خوش ہوئے اور ان کو حوصلہ ملا ہے، مخالفین کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ ایسی حرکتوں سے یہ لوگ صرف اپنا مزید نقصان اور نوازشریف کو انجانے میں فائدہ پہنچاتے ہیں، نواز شریف کا خوف نا ان کو جینے دیتا ہے نا چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔ نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ ان لوگوں نے میاں صاحب کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن الّلہ نے بچا لیا، یہ لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر میری بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں تو ان کے لیے نوازشریف کی اپنے گھر کی خواتین اور بچیوں کے ساتھ چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اگر یہ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں چائے پیتے ہوئے ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔علاج کے سلسلے میں عدالت سے ضمانت پر بیرون ملک جانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ لندن میں سڑک کنارے ایک ہوٹل میں اہلخانہ کے ساتھ موجود چائے یا کافی پی رہے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کسی ہوٹل میں موجود کھانا کھارہے تھے اور اس موقع پر ان کے بھائی شہباز شریف، دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے علاوہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ دوسری طرف مریم نواز کے بیان پر ڈاکٹر شہباز گل نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ‏جھلک ضرور دکھائیں بار بار دکھائیں عوام کو پتہ چلتا ہے، میاں صاحب کبھی بھی بیمار نہیں تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ عوام سے اداروں سے جھوٹ بولا گیا۔ اخلاقیات کا لیول یہ ہے کہ پہلے دبا کر جھوٹ بولا جاتا ہے پھر اس پر ناز کیا جاتا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy