نوستمبر؛ جب پاکستان بھارت کو شکست دے کر پہلی بار اولمپک میں ہاکی چیمپئن بنا

Published on September 9, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 164)      No Comments


کراچی (یواین پی)نو ستمبر پاکستان ہاکی کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا دن ہے، 60 سال قبل اس روز پاکستان نے 1960ء کے روم اولمپکس میں بھارت کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ اولمپک ہاکی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔فائنل میں لیفٹ ان نصیر بندہ نے واحد اور فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے کے ساتھ 1928ء سے اولمپک چیمپیئن چلے آنے والے بھارت کی 32 سالہ برتری کا خاتمہ کیا تھا۔قبل ازیں سیمی فائنل میں پاکستان نے عاطف کے گول کی بدولت اسپین کو 0-1 سے قابو کیا تھا، پاکستان کو روم اولمپکس میں فیورٹ ٹیم تصور کیا جارہا تھا کیونکہ گزشتہ ملبورن اولمپکس 1956ء کے فائنل میں بھارت کو پاکستان کے خلاف فائنل میں بمشکل 0-1 سے کامیابی ملتی تھی جبکہ پاکستان نے ایشین گیمز 1958ء میں بھارت کو مات دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا تھا۔روم اولمپکس میں پاکستان کی فاتح ٹیم عبدالرشید، اے آر گارڈنر، عاطف، منیرڈار، بشیر احمد، خورشید اسلم، حبیب علی کڈی، انوار احمد خان، ڈاکٹر غلام رسول، ظفر حیات، ظفر علی ظفری، عبدالوحید خان، نورعالم، عبدالحمید حمیدی، خواجہ ذکاء الدین، نصیر احمد بندہ، مطیع اللہ اور مشتاق احمد پر مشتمل تھی۔فتح کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر ایورے برینڈیج نے پاکستان کے قومی کھلاڑیوں کو وکٹری اسٹینڈ پر گولڈ میڈل پہنائے، پاکستان کا قومی ترانہ کے ساتھ چاند ستارے والا جھنڈا لہرایا گیا جس کے ساتھ ہی ویلو ڈریم اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا تھا۔ پاکستان کے پہلی مرتبہ اولمپک چیمپئن بننے پر ملک بھر میں بھرپور جشن منایا گیا۔پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی لوگ خوشی سے دیوانہ وار سڑکوں اور گلیوں میں امنڈ آئے اور رقص کرنا شروع کر دیا تھا جبکہ لاتعداد مقامات پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ اس وقت کے صدر پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان نے بھی قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد کا پیغام ارسال کیا تھا۔واضح رہے کہ قیام پاکستان کے بعد اگلے برس 1948ء میں ہونے والے لندن اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پہلی بار شرکت کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس کے بعد 1952ء میں ہیلنسکی اولمپکس میں بھی پاکستان چوتھے نمبر پر رہا تھا۔ بعد ازاں 1956ء میں ہونے والے ملبورن اولمپکس کے فائنل میں پاکستان نے بھارت سے مقابلہ کرکے سلور میڈل حاصل کیا تھا۔پاکستان نے 1968ء کے میکسیکو اولمپکس میں ایک بار پھر اولمپک ٹائٹل حاصل کیا جبکہ 1984ء کے لاس اینجلز اولمپکس میں پاکستان گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes