ملک بھرمیں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

Published on October 30, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 318)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی)آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارلحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار کیا جائے گا، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام بھی خطاب کریں گے جن میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم بیان کی جائے گی۔ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔جشن عید میلاالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت جلوسوں کی مرکزی گزرگاہیں اور اس سے ملحقہ سرکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کی جائیں گے جب کہ جلوس میں شامل ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جائے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes