ورلڈ ٹی 20 ، پاکستان نے آسٹریلیا کو 16 رنز سے ہرا دیا

Published on March 23, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 681)      No Comments

\"0333\"
گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے
عمرا کمل نے کیریئر کی بیسٹ اننگز کھیلی اور 54 گیندوں پر 94 رنز بنائے
آسٹریلوی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
گلین میکسویل نے 74 اور ایرن فنچ نے 65 رنز بنائے، عمر اکمل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا
ڈھاکہ (یو این پی) آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ، پاکستان نے عمر اکمل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو 16 رنز سے شکست دیدی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ عمرا کمل نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور 54 گیندوں پر 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گلین میکسویل نے 74 اور ایرن فنچ نے 65 رنز بنائے۔ ذوالفقار بابر، عمر گل، آفریدی اور بلاول بھٹی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمر اکمل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور دونوں اوپنرز 25 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے، احمد شہزاد 5 رنز بنانے کے بعد ڈگ بولنجر جبکہ کپتان محمد حفیظ 13 رنز بنانے کے بعد شین واٹسن کا نشانہ بنے۔ اس موقع پر اکمل برادران نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 96 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 121 تک پہنچا دیا۔ کامران اکمل تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو31 رنز بنانے کے بعد نیتھن کولٹر نائل کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عمر اکمل نے ایک طرف سے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 28 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، صہیب مقصود جلد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 5 رنز بنائے، عمر اکمل نے 4 فلک شگاف چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، یہ ان کے کیریئر کی بہترین اننگز ہے۔ شاہد آفریدی 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن کولٹر نائل نے دو جبکہ مچل سٹارک، ڈگ بولنجر اور شین واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا سکی۔ گلین میکسویل اور ایرن فنچ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، گلین میکسویل نے 18 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی، انہوں نے 6 فلک شگاف چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔ ایرن فنچ نے 54 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز پاکستانی باؤلرز کو جم کر نہ کھیل سکا۔ ذوالفقار بابر، عمر گل، شاہد آفریدی اور بلاول بھٹی نے دو، دو جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes