موسم پی ڈی ایم کے جلسے کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلئے تیار

Published on December 8, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 131)      No Comments

لاہور(یواین پی) موسم پی ڈی ایم کے جلسے کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلئے تیار، 13 دسمبر کے جلسے کے دن لاہور میں بارش ہونے کا امکان، موسم بھی مزید سرد ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کیخلاف اپنے آخری اور سب سے بڑے جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کیخلاف لاہور میں اپنا آخری جلسہ کیا جائے گا۔جلسہ 13 دسمبر بروز اتوار کو ہوگا۔ جلسے کے انعقاد کیلئے زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں، تاہم جلسے کی میزبان ن لیگ کو بری خبر سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور شہر میں بارش ہونے کے امکانات بہت زیادہ نہیں ہیں تاہم پھر بھی شہر میں بادل برس سکتے ہیں۔بارش ہونے کی صورت میں لاہور کا موسم بھی سرد ہو جائے گا۔اس تمام صورتحال میں پی ڈی ایم کیلئے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد کی شمولیت کو یقینی بنانا مشکل ہوگا۔ جبکہ اپوزیشن کے لاہور جلسے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جلسے کرکے تصادم چاہتی ہے لیکن حکومت اپوزیشن کو تصادم کا موقع نہیں دے گی، حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں بھی نہیں آئے گی۔حکومت ان کو جلسہ کرنے سے نہیں روکے، یہ لوگ مینار پاکستان پر 10جلسے کرلیں حکومت کو ان کو نہیں روکے گی، لیکن وہاں پر انتظامات کرنے والوں اور سروس دینے والوں کیخلاف مقدمات درج کریں گے۔یہ مجھے جانتے نہیں ، حکومت جاتی جائے احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کرپشن بچانے کیلئے لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ہمیں عوام کی فکر ہے، مریم نواز جلسوں کی ناکامی کے بعد لاہور کی سڑکوں پر کورونا پھیلا رہی ہیں، ان کا خاندان باہر بیٹھا ہے جبکہ عوام کو استعمال کررہے ہیں۔ اپوزیشن کے جلسے غیرقانونی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، لاہور جلسے میں ملک بھر سے لوگوں کو بلایا گیا، تاکہ ملک بھر میں کورونا پھیل جائے، اپوزیشن بتائے اگر جلسوں سے کورونا پھیلا تو ایف آئی آر کس پر کٹے گی؟فضل الرحمان بے روزگار ہیں، ان کو خوف ہے حکومت چلتی رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے، سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور یہ لوگ بچ جائیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy