کراچی میں اسرائیل نامنظور بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جارہے ہیں، وزیر خارجہ

Published on January 20, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 156)      No Comments

 اسلام آباد(یو این پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جارہے ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطے کی صورتحال اور پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلسل بھارت کا اصلی چہرہ دکھا رہا ہے، 14 نومبر کو ڈوزیئر میں ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابلِ تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں، یورپی یونین ڈس انفولیب کی حالیہ چشم کشا انکشافات پر مبنی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جھوٹی پراپگنڈہ مہم شروع کی، ارنب گوسوامی کی “چیٹ “منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، جو بھارت نے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے رچایا، بھارت کی بی جے پی سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کیلئے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لے لی، دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے جو سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے ، دنیا جان چکی ہے کہ وہ بھارت جسے وہ سیکولر ریاست سمجھتے تھے اس پر ایک فاشسٹ ہندوتوا حکومت مسلط ہے، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، ہم چاہتے ہیں بین الافغان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں اور اپنے منطقی انجام تک پہنچیں ، افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر ہیں جو اسپائلر (خرابی) کا کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور کے بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جا رہے ہیں، جب حکومت، فلسطین کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کر چکی ہے تو پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں میرے بیانات ریکارڈ کا حصہ ہیں، جبکہ وزارتِ خارجہ اس حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف دے چکی ہیں پھر ایسے بینرز لگانے کا مقصد محض سیاست کے علاوہ اور کچھ نہیں۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے ہوئے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانا چاہتی ہے ، کراچی میں کچھ عناصر احتجاج کیلئے مدرسے کے طالب علموں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کیلئے اور معیشت کیلئے صحیح قدم نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ کراچی کے باشعور شہری ان کی طرف توجہ نہیں دیں گے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی ہے وہ پی ڈی ایم کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کر رہی ہے، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی دو ٹوک فیصلہ سنا چکی ہے کہ وہ استعفے نہیں دیں گے، لانگ مارچ کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی گو مگو کی کیفیت میں ہے، پی ڈی ایم کا بیانیہ پاکستان کی دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتا ہے، پی ڈی ایم نہ چاہتے ہوئے بھی پاکستان مخالف قوتوں کے بیانیے کو ہوا دے رہی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes