شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے بڑا پیغام دے دیا

Published on February 19, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 101)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی بالادستی کے عہد کا اعادہ کرے اور سب کے لئے مساوات کی ضمانت فراہم کرے، اسلام کے خلاف نفرت، پرتشدد نسل پرستی اور نسلی تعصب والے گروہوں کے پھیلاؤکے خلاف عالمی اتحاد تشکیل دیاجائے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل (ایکوساک)کے خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے منظم انداز میں کی جانے والی عدم مساوات کے رجحانات میں کمی اور نسل پرستی اور عصر حاضر میں اس کی مختلف اقسام کے خاتمے پر زور دیا جو پائیدار ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے ایجنڈا 2030ء کا بنیادی نکتہ تھا، کورونا وبا اور اس کے اقلیتوں پر غیرمتناسب انداز میں پڑنے والے اثرات کی نشاندہی کی گئی جس کی وجہ سے بے تحاشا غربت اور بے روزگاری نے انہیں مزید کمزور کردیاہے جبکہ افراط زر اور اموات میں اضافہ ہوا۔شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ امتیازات کے عوامل اور وجوہات کو دور کیا جائے جن کی جڑیں تاریخ اور نوآبادیاتی میراث میں پنہاں ہیں، پاکستان کے ہمسایہ کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کمزور نسلی طبقات اور مذہبی گروہوں کے خلاف نفرت انگیز سیاسی پرچار، تشدد پر اکسانے کے رویوں کو اجاگر کیا جس کے نتیجے میں متعصبانہ شہریت کے قوانین، مذہبی مقامات پر حملے اور ریاستی سرپرستی میں اقلیتوں کے قتل عام کے پے درپے واقعات رونما ہو رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اپنے استصواب رائے کے حق کے لئے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو غیرملکی قبضے اور جبر واستبداد کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی بالادستی کے عہد کا اعادہ کرے اور سب کے لئے مساوات کی ضمانت فراہم کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسلام کے خلاف نفرت، پرتشدد نسل پرستی اور نسلی تعصب والے گروہوں کے پھیلاؤ کے خلاف عالمی اتحاد تشکیل دیاجائے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog