جنوبی افریقہ چوکرز کا ٹیگ اتارنے میں ناکام

Published on April 5, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 572)      No Comments
1
بھارت 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں پہنچ گیا،بھارتی ٹیم نے 173 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا، ویرات کوہلی کی ناقابل شکست نصف سنچری میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،فاف دو پلیسز کی نصف سنچری رائیگاں،بھارتی ٹیم فیصلہ کن معرکے میں (کل)سری لنکا کے مدمقابل ہو گی
ڈھاکہ ۔۔۔ ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرا کر پانچویں ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل دو ایشیائی ٹیموں بھارت اور سری لنکا کے درمیان (کل) اتوارکو کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم نے 173 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 4 وکٹوں پر پورا کیا۔ ویرات کوہلی نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 72 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کوہلی کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ فاف دو پلیسز کی شاندار نصف سنچری اور جے پی ڈومینی کے ناٹ آؤٹ 45 رنز بھی رائیگاں گئے۔ روی چندرن ایشون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جمعہ کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ ٹیم کے قائد فاف دو پلیسز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 172 رنز بنائے، فاف دو پلیسز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جے پی ڈومینی نے بھی ڈٹ کر بھارتی باؤلرز کا مقابلہ کیا، ڈومینی نے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ہاشم آملہ 22، کوئنٹن ڈی کوک 6 اور اے بی ڈی ویلیئرز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملر 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ روی چندرن ایشون نے 3 اور بھنشور کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو روہت شرما اور اجنکیا راہانے نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 3.5 اوورز میں 39 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، روہت شرما نے 13 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی اور ہینڈرکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اجنکیا راہانے بھارت کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 32 رنز بنا کر ویان پارنیل کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 56 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 133 رنز تک پہنچا دیا، یووراج سنگھ 18 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر شکار ہو گئے۔ رائنا نے اہم موقع پر 10 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی اور ہینڈرکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھا اور 19.1 اوورز میں 4 وکٹوں پر فتح سے ہمکنار کرایا۔ ویرات کوہلی 72 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ہینڈرکس نے دو جبکہ عمران طاہر اور ویان پارنیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy