سعودی عرب کے لیے نامزد نئے پاکستانی سفیر بلال اکبر ریاض پہنچ گئے

Published on April 25, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 250)      No Comments


جدہ ( یواین پی /زکیر احمد بھٹی)سعودی عرب کے لیے نامزد پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر ریاض پہنچ گئے ہیں۔پاکستانی سفارت خانہ ریاض کے مطابق نئے پاکستانی سفیر نے پاکستانی سفارت خانے میں سبکدوش ہونے والے سفیر راجہ علی اعجاز سے ملاقات بھی کی۔خیال رہے کہ سفیر راجہ علی اعجاز نے کچھ روز قبل ایک الوداعی پیغام جاری کیا تھا۔ جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ’لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہوں گے۔اپنے پیغام میں انھوں نے نئے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اب ذمہ داریاں انتہائی تجربہ کار جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر کو سونپ کر جا رہا ہوں، مجھے یقین ہے ان کی قیادت میں ہمارے دو قومی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔سعودی عرب کے لیے نامزد نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر دسمبر 2020 میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے چئیرمین کے طور پر پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔ اس سے قبل وہ کمانڈر 10 کور تھے، جسے کور کمانڈر راولپنڈی کہا جاتا ہے۔ اس دوران آرمی چیف نے انھیں کرنل کمانڈنٹ آف مجاہد فورس بھی تعینات کیا۔سنہ 2016 میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انھیں چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔سنہ2014 میں جب وفاقی اور صوبائی حکومت نے کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا اور رینجرز کو خصوص اختیارات دیے تو اس وقت بلال اکبر میجر جنرل تھے۔ انھیں اس وقت ڈی جی رینجرز تعینات کر کے کراچی بھیجا گیا۔ان کی قیادت میں رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ لاہور میں 11 ویں ڈویژن میں بطور جی او سی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔بلال اکبر کا تعلق سیالکوٹ کے گجر خاندان سے ہے۔ انھوں نے سنہ 1984 میں پی ایم اے کاکول اکیڈمی میں داخلہ لیا اور سنہ 1986 میں 73 ویں لانگ کورس میں اے کلاس کارکردگی دکھاتے ہوئے پاس آوٹ ہوئے۔ پاک فوج میں ان کی پہلی تعیناتی آرٹلری رجمنٹ میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ ہوئی تھی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog