نیب بڑی مچھلیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہا ہے، چیئرمین نیب

Published on May 17, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 101)      No Comments


اسلام آباد(یواین پی) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بڑی مچھلیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ 2020 کے دوران نیب نے بدعنوان عناصر سے 321.4829 ارب روپے کی وصولی کی ہے جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں صرف ایک سال میں ریکارڈ کامیابی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کو اپنے قیام سے اب تک 487،964 شکایات موصول ہوئی ہیں۔15،930 شکایت کی تصدیق ، 10،041 انکوائریوں اور 4،598 شکایات کی منظوری دی گئی ہےجبکہ اس عرصہ کے دوران3682 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ہیں۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک بد عنوان عناصر سے بلا واسطہ یا بالواسطہ طور پر 790 ارب روپے کی وصولی کی ہے جو اس طرح کے دیگر انسداد بدعنوانی کے اداروں کے مقابلے میں نمایاں کامیایابی ہے۔جاوید اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب عوام دوست ادارہ ہے، نامور قومی اور بین الاقوامی اداروں نے نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کنونشن کے تحت نیب پاکستان کا فوکل ادارہ ہے جبکہ نیب سارک ممالک کے لئے بدعنوانی کے خاتمے کے تناظر میں رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔جاوید اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس کے ساتھ چین نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔پاکستان اور چین سی پیک منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے مل کرکام کر رہے ہیں۔اپنے بیان میں جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کو فعال بنادیا گیا ہے، نگرانی اور جائزہ نظام کی بنیاد پرمستقل بنیادوں پر نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نیب سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتا ہے،بڑی مچھلیوں کے خلاف بلا امتیاز اور نمایاں کارروائیوں کی وجہ سے نیب کے وقار اور ساکھ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme