فلسطینی سفیر کا اسرائیلی ظلم کیخلاف بھرپور حمایت پر پاکستان کیساتھ اظہار تشکر

Published on May 24, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 97)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں اور ایک خود مختار اور آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد میں ان کی بھرپور حمایت پر ہماری عوام پاکستان کے برادر عوام، اس کی عظیم فوج، تمام اعلیٰ قیادت کا تہہ دل سے مخلصانہ شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار فلسطینی سفیر نے اہل پاکستان کے نام اپنے خصوصی تہنیتی مراسلہ میں کیا اور کہا کہ میں تہہ دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے واشگاف اور شاندار الفاظ میں فلسطینی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے کے علاوہ نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ظلم وبربریت اور جارحیت کی مذمت کی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کے لئے عالمی برادری پر زور دیا۔انہوں نے خط میں مزید کہا کہ جنگ بندی، کشیدگی اور ظلم و بربریت کو ختم کرانے کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے آپ کی کوششوں کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ اتفاق رائے پیدا کرنے، رائے عامہ ہموار کرنے اور اس بحث کو صحیح رخ پر استوار کرنے میں پاکستان نے ایک انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ تاریخی کردار نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری دنیا یاد رکھے گی اور اس تاریخ کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک اور تاریخی دن جسے فلسطینی کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے، 21 مئی کا یوم یک جہتی فلسطین کا دن ہے ، فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت اور ظالمانہ حملوں کی مذمت کے لئے یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان نے کیا۔ پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ قرارداد منظور کی جس میں فلسطینی عوام پراسرائیل کے ”منظم جبرواستبداد“ کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes