محکمہ تعلیم پنجاب کا 7 جون سے تمام نجی وسرکاری سکول کھولنے کا اعلان

Published on June 4, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 152)      No Comments

لاہور(یواین پی) محکمہ تعلیم پنجاب نے 7 جون سے نجی وسرکاری سکول کھولنے کا اعلان کردیا ہے، ہفتے میں چاردن کلاسز ہوں گی، 50 فیصد طلباء 2 روزکلاسز میں آئیں گے، متعلقہ حکام سکولوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر میں سات جون بروزپیر سے نجی وسرکاری سکول کھولنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے میں تمام سکولوں میں ہفتے میں 4 روز کلاسز ہوں گی، کلاسز میں 50 فیصد طلباء ایک دن اور 50 فیصد طلباء اگلے دن آئیں گے۔اس طرح مجموعی طور پر 50 فیصد طلباء ہفتے میں کل 2 دن کلاسز میں حاضری دیں گے، کوئی طالب علم لگاتار دو دن کلاس میں نہیں آئے گا۔ مزید بتایا گیا کہ متعلقہ حکام سکولوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔اس سے قبل گزشتہ روز وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے سوموار7 جون سے یونیورسٹیاں کھولنے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سوموار سے تمام جامعات کو تدریسی سرگرمیوں کیلئے کھولنے کی اجازت ہے، تعلیمی اداروں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔وزیرتعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات، تعلیمی اداروں کی بندش اور اوپنگ سے متعلق سارے فیصلے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس میں متفقہ طور پرہوئے ہیں، پچھلے سال جب ہم نے تجربہ کیا کہ جب بچے بغیر امتحان پاس کیے تو تجربہ ہوا، فیصلہ کیا کہ گریڈ امتحانات کے بغیر نہیں ملیں گے۔ یہ تجربہ ہوا کہ سب سے فیئر ٹیسٹ امتحانات کے ذریعے ہے۔ایکسٹرنل امتحانات پر لوگ اعتراض نہیں کرتے، کیونکہ یہ امتحان سب کیلئے برابر ہوتا ہے۔ ہمارے یہاں طلباء کی اکثریت یہ ہے کہ ایک ڈیڑھ ماہ پہلے پڑھتے ہیں۔ اس لیے امتحانات نہ لینے کا مطلب جو پڑھائی ہورہی ہے وہ بھی نہیں ہوگی۔ اس لیے فیصلہ کیا کہ رواں سال امتحانات ضرور ہوں گے۔ میٹنگ میں مشورہ کیا کہ طلباء کی ایک بات درست ہے اس کو ماننا چاہیے، طلباء کا سکول بند ہونے کے باعث کورس ورک مکمل نہیں ہوسکا، طلباء کی یہ شکایت درست ہے، اسی سلسلے میں ہم نے کئی ماہ قبل فیصلہ کیا کہ جس کے تحت سلیبس کو 40 فیصد کم کردیا تھا ، فیصلہ کیا ہے کہ نویں دسویں کا امتحان اختیاری مضامین میں ہوگا، اور چار مضامین کا ہوگا۔باقی میں نہیں ہوگا، گیارہویں بارہویں کا امتحان صرف تین مضامین کا ہوگا۔اس سے طلباء کیلئے آسانی پیدا ہوگی۔ جبکہ امتحانات بھی 10 جولائی کے بعد شروع ہوں گے۔ دسویں بارہویں کے امتحانات پہلے اور نویں گیارہویں جماعت کے بعد میں ہوں گے۔ ہم چاہتے ہیں امتحانی نتائج ستمبر کے تیسرے ہفتے تک آجائیں تاکہ جامعات میں داخلے ہوسکیں۔ اولیول کے خصوصی امتحانات 26 جون سے شروع ہوں گے۔ نویں دسویں کے بعد اب گیارہویں اور بارہویں کی کلاسز کی بھی اجازت دے دی ہے۔ امتحانات لینے والے اساتذہ کیلئے ویکسی نیشن ضروری ہوگی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy