حلال و حرام میں تمیز ختم کرنے والے معاشرے ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں ڈاکٹر انس سرور قریشی

Published on July 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 177)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اب تک بدعنوان عناصر سے 487ار ب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروا چکی ہے۔ اقربا پروری‘ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں لہٰذا ہمیں ہر سطح پر ایسے ناسور کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے نئی نسل خصوصاً نوجوانوں کومہم کا ہراول دستہ بنانا ہوگا۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اقبال آڈیٹورم میں قومی احتساب بیور اور یونیورسٹی کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار میں کہی گئیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ حلال و حرام میں تمیز ختم کرنے والے معاشرے ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں لہٰذا ہمیں کسی بھی معاملے میں فیصلہ سازی کے دوران اپنے ضمیر کی آواز کو ضرور سننا چاہئے جو ہمیشہ غلط کام پر خطرے کی گھنٹی ضرور بجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بندہ اسی وقت اختیارات کے غلط استعمال کی راہ اپناتا ہے جب وہ اپنی حیثیت سے بڑھ کر خرچہ کرنے اور اسی کو اپنی عادت بنالیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری‘نجی اور خاندانی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں تساہل اور کوتاہی کو بھی کرپشن تصور کرتے ہیں لہٰذا ہمیں اپنی ایسی کمزوریوں کو دور کرتے ہوئے ایک ذمہ داری اور مفید شہری بننے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ ڈائریکٹر نیب سید محمد حسنین احمد نے بتایا کہ نیب آرڈیننس کا سیکشن 25پلی بارگین سے متعلق ہے جس میں ملزم سے لوٹی ہوئی تمام رقم کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی وصول کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب اہلکار بڑی محنت اور ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں اور عوام کی سطح پر بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں ملک کی تمام جامعات کے ساتھ معاہدے کے تحت کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز قائم کی گئی ہیں جن کے ذریعے نوجوان طلبہ و طالبات کواس مہم کا ہراول دستہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی شکایت پر متعلقہ ملزم سے تین ماہ میں انکوائری مکمل کرکے شواہد کی بنیاد پر اسے باقاعدہ انویسٹی گیشن کا حصہ بنایا جاتا ہے اور ٹھوس شواہد کیساتھ ریفرنس عدالت میں بھیج دیا جاتا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ بینش نعمان نے کہا کہ نیب کا ادارہ 1999ءمیں قائم کیا گیا جس کے تحت اب تک بدعنوان عناصر سے 487ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیب آرڈیننس کی سیکشن 9-bکے تحت اس کے دائرہ اختیار میں آنیوالے تمام جرائم ناقابل ضمانت ہیں۔سیمینار سے انتظامی کمیٹی کے سربراہ اور کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے کنونیئر پروفیسر ڈاکٹر طاہر ظہور نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ سوسائٹی کے زیراہتمام ہر سال متعدد پروگرام منعقد کروائے جاتے ہیں جن میں نیب کے ذمہ داران کے ساتھ ساتھ شہر بھر سے معروف سماجی‘ سیاسی اور انتظامی شخصیات کو خصوصی طو رپر مدعو کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیراہتمام طلبہ کے مابین بدعنوانی پر مضامین تحریر کرنے‘ پوسٹرز بنانے کے ساتھ ساتھ مولانا طارق جمیل جیسے جید اور نامور علمائے دین کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے پرنسپل آفیسراُمور طلبہ ڈاکٹر آفتاب واجد‘ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف‘ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید‘ اسسٹنٹ پروفیسرشعبہ عمرانیات ڈاکٹر نائمہ نواز نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ڈپٹی رجسٹرار تعلقات عامہ سید قمربخاری نے ادا کئے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes