ضلعی انتظامیہ ٹھٹہ کی جانب سے 14- اگست یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی

Published on August 15, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 135)      No Comments

ٹھٹھہ(رپورٹ حمید چنڈ) ملک بھر کی طرح ضلع ٹھٹہ میں بھی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر 14- اگست جشن آزادی کی اہم تقریب کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور محرم الحرام (عاشورہ) کے احترام کے پیش نظر مختصر اور سادگی سے پولیس گراؤنڈ مکلی میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد حنیف پتافی اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے پاکستان کا قومی پرچم لہرانے کے بعد کیا، اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجاکر پولیس کے جوانوں کی جانب سے پریڈ کرتے ہوئے سلامی بھی پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حنیف پتافی نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمیں جو آزادی دی ہے وہ ایک بڑی نعمت ہے جسکا قدر کشمیر اور فلسطین کے لوگوں سے پوچھیں جو آزادی جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے آزادی کے لئے بہت جدوجہد اور قربانیاں دیں جس کے بعد 14- اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان آزاد ہوا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے بڑی خوشی اور جشن کا دن ہے جو ہمیں آزادی جیسی نعمت نصیب ہوئی اور ایسی آزادی کی قدر و قیمت کا اندازہ ان قوموں کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے جو اس قدرتی نعمت سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ایک آزاد ملک میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی ہمیں اتنی آسانی سے نہیں ملی بلکہ آزادی کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ و اجداد نے سخت محنت کی ہے اور جان، مال، عزت و آبرو سمیت عظیم قربانیاں دی ہیں، آج ہمیں اپنے آباؤ و اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہیے اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں جن کی وجہ سے ہمیں یہ نعمت ملی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ پہلے ایک مضبوط قوم بنیں تاکہ ہماری اگلی نسلیں ہمیں اچھے الفاظ میں یاد رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی چاہے کسی بھی مذہب، مسلک، رنگ و نسل اور زبان سے تعلق رکھتا ہو انہیں پہلے یہ طئہ کرنا چاہیے کہ سب سے پہلے وہ پاکستانی ہیں اور پاکستانی ہونے کے ناطے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ چاہے ہم کسی بھی شعبہ سے تعلق رکھتے ہوں اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تقریب کے دوران ایس ایس پی نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے دن پر خوشی اور جشن منانے کے دوران دیگر لوگوں کا بھی خیال رکھیں اور ایسے عمل سے گریز کریں جس سے کسی کی دل آزاری یا تکلیف ہو، اس طرح والدین پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خاص طور پر موٹرسائیکلیں یا دیگر گاڑیاں چلاتے ہوئے ریس یا تیز اسپیڈ سے روکیں تاکہ وہ اپنے آپ کو اور دوسروں کو نقصان پہنچانے سے بچ سکیں، انہوں نے کہا کہ کرونا کی جاری چوتھی اور خطرناک لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے خود اور اپنے پیاروں کے تحفظ کیلئے ویکسین ضرور کرائیں تاکہ جلد از جلد اس وبا سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔ قبل ازیں مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے قومی نغمہ، تقاریر اور نعت خوانی پیش کی جبکہ استاد اشرف اور رحیم علی بلال کی سربراہی میں کراٹے شو پیش کرکے خوب داد حاصل کی، جس پر ایس ایس پی نے انہیں سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے بچوں میں بہت سی صلاحیتیں موجود ہیں۔ بعد ازاں اے ڈی سی محمد حنیف پتافی، ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان اور ڈی ایس پی جمعہ خان پنہور نے پولیس لائن گراؤنڈ مکلی کے احاطے میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفس کے تعاون سے پودے لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔ تقریب میں ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حنیف میمن، ڈی ایس پی جمع خان پنہور، ڈی ایس پی سید افتخار شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نیاز احمد میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹہ عبدالغفار شیخ، چیف میونسپل آفیسر ٹھٹہ زاہد خواجہ کے علاوہ محکمہ انفارمیشن، روینیو، صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، محکمہ جنگلات اور دیگر مختلف محکموں کے افسران اور صحافی، اساتذہ، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog